بدین، منشیات کے سہولت کار ہونے پر 6 پولیس اہلکار برطرف

منشیات کے بڑے نیٹ ورک اور بااثر عناصر کے خلاف بھی بلاامتیاز کارروائی کی جائے،سول سوسائٹی

بدھ 6 مئی 2026 20:20

تلہار (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 مئی2026ء) ایس ایس پی بدین قمر رضا جسکانی نے منشیات فروشوں کی مبینہ سہولت کاری کے الزام میں ضلع بدین سے تعلق رکھنے والے 6 پولیس اہلکاروں کو نوکری سے برطرف کر دیا ہے۔برطرف کیے گئے اہلکاروں میں دو ہیڈ کانسٹیبل منیر چانڈیو اور اللہ بخش ملاح، جبکہ کانسٹیبلز عبد اللطیف ملاح، علی احمد کاتیار، عبد الغنی خاصخیلی اور غلام رسول کھوسہ شامل ہیں۔

پولیس ترجمان کے مطابق ضلع بھر میں منشیات فروشوں کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں اور کسی بھی اہلکار کی جانب سے قانون کی خلاف ورزی برداشت نہیں کی جائے گی۔دوسری جانب مقامی شہریوں اور سول سوسائٹی نے پولیس کی کارروائیوں پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ضلع میں منشیات کا کاروبار بدستور جاری ہے، جبکہ بااثر عناصر کے خلاف مثر کارروائی نہیں کی جا رہی۔

(جاری ہے)

شہریوں کے مطابق بعض علاقوں میں منشیات فروش سیاسی سرپرستی میں سرگرم ہیں، جبکہ غریب افراد کو نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ منشیات کے کاروبار میں ملوث بعض افراد کروڑوں روپے کی جائیدادوں کے مالک ہیں۔سول سوسائٹی نے ایس ایس پی بدین سے مطالبہ کیا ہے کہ منشیات کے بڑے نیٹ ورک اور بااثر عناصر کے خلاف بھی بلاامتیاز کارروائی کی جائے، جبکہ مبینہ ملوث پولیس اہلکاروں کے خلاف شفاف تحقیقات کی جائیں تاکہ عوام کا اعتماد بحال ہو سکے۔