ضلعی انتظامیہ جامشورو کی جانب سے معرکۂ حق کے حوالے سے ریلی کا انعقاد

بدھ 6 مئی 2026 19:43

حیدرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 مئی2026ء) ضلعی انتظامیہ جامشورو کی جانب سے معرکۂ حق آپریشن بنیان مرصوص کی کامیابی کا ایک سال مکمل ہونے پر پاک فوج کو خراجِ تحسین پیش کرنے کے لیے ڈپٹی کمشنر جامشورو غضنفر علی قادری کی قیادت میں ریلی نکالی گئی۔ شریک افراد کے ہاتھوں میں قومی پرچم اور بینرز موجود تھے جن پر پاک فوج کے حق میں نعرے درج تھے جبکہ شرکاء کی جانب سے “پاکستان زندہ باد” اور پاک فوج کی حمایت میں بھرپور نعرے بازی بھی کی گئی۔

ریلی کے اختتام پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر غضنفر علی قادری نے کہا کہ “معرکۂ حق آپریشن بنیان مرصوص” قومی اتحاد، بہادری اور عزم کی علامت ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاک فوج نے اپنی پیشہ ورانہ مہارت اور بے مثال قربانیوں کے ذریعے ملک کا دفاع یقینی بنایا اور دشمن کے ناپاک عزائم کو ناکام بنایا۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ اس ریلی کا مقصد پاک فوج کو خراجِ تحسین پیش کرنا ہے، کیونکہ اس آپریشن کے ذریعے دشمن کو تاریخی شکست دی گئی، جسے آج ایک سال مکمل ہو چکا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اس کامیابی نے پوری قوم کو متحد کر دیا ہے اور یہ واضح پیغام دیا ہے کہ پاکستانی قوم اپنی فوج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ انہوں نے شہداء کی قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی قربانیاں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی اور آنے والی نسلوں کے لیے مشعلِ راہ ہیں۔ ریلی میں ضلعی افسران، منتخب نمائندگان، طلبہ، اساتذہ، سول سوسائٹی کے افراد اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔