سپورٹس بورڈ پنجاب کے زیر اہتمام معرکہ حق گیمز 2026کا شاندار آغاز

صوبائی وزیرکھیل پنجاب ملک فیصل ایوب کھوکھر نے گیمز کا باقاعدہ افتتاح کیا پنجاب گرین ،پنجاب بلیو کے درمیان نمائشی ہاکی میچ کھیلا گیا ،پنجاب گرین نے 0-1 سے کامیابی حاصل کی

بدھ 6 مئی 2026 20:45

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 مئی2026ء) سپورٹس بورڈ پنجاب کے زیر اہتمام معرکہ حق گیمز 2026کا شاندار آغاز ہو گیا، صوبائی وزیر کھیل پنجاب ملک فیصل ایوب کھوکھر نے نیشنل ہاکی سٹیڈیم میں گیمز کا باقاعدہ افتتاح کیا،افتتاحی تقریب کے موقع پر پنجاب گرین اور پنجاب بلیو کے درمیان ایک سنسنی خیز ہاکی میچ کھیلا گیا جس میں پنجاب گرین نے پنجاب بلیو کو 0-1 سے شکست دے دی، صوبائی وزیرکھیل نے ہاکی میچ دیکھا ،کھلاڑیوں کے کھیل کو سراہا ، ان کا کھلاڑیوں کے ساتھ تعارف کروایا گیا اور گروپ فوٹو ز بھی بنوائے گئے،افتتاحی تقریب کے موقع پر سیکرٹری سپورٹس پنجاب فضل الرحمن، ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب محمد طارق قریشی ،ہاکی کے نامور اولمپئنز شہباز سینئر، خواجہ جنید، شکیل عباسی ، کاشف شاہ، ایڈیشنل سیکرٹری سپورٹس شبیر حسین چیمہ، ڈائریکٹر سپورٹس چاند پروین، ڈائریکٹر ایڈمن عابد شوکت ودیگر بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر کھیل ملک فیصل ایوب کھوکھر نے اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آج کا دن وہ پاک فوج کے نام کرتے ہیں اورمعرکہ حق گیمزکا مقصد بہادر افواجِ پاکستان کو خراجِ تحسین پیش کرنا ہے، ہم اپنے شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہیں اور افواجِ پاکستان کو سلام پیش کرتے ہیں۔معرکہ حق کی پہلی سالگرہ اتحاد، قربانی اور قومی غیرت کا مظہر ہے، جب قوم متحد ہو جائے تو کوئی چیلنج اس کے سامنے ٹھہر نہیں سکتا اور حق و سچائی کے راستے پر چلنے والی قوم کو کبھی شکست نہیں دی جا سکتی،صوبائی وزیر کھیل ملک فیصل ایوب کھوکھر نے سپورٹس بورڈ پنجاب کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ صوبہ بھر میں کھیلوں کے فروغ کیلئے اقدامات جاری رکھے جائیں گے اور نوجوانوں کو اپنی صلاحیتیں دکھانے کے بھرپور مواقع فراہم کیے جا رہے ہیں،معرکہ حق گیمز 2026میں ہاکی، کراٹے، سائیکلنگ اورشیر لاہور دنگل کے مقابلوں کا انعقاد کیا جا رہا ہے، جن کے ذریعے نوجوان کھلاڑیوں کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار کا بہترین پلیٹ فارم فراہم کیا جائے گا۔