گرمی کے دوران شہری احتیاطی تدابیر پر عمل کریں تاکہ مختلف بیماریوں سے محفوظ رہا جا سکے، ڈاکٹر راحت محمود ججہ

جمعرات 7 مئی 2026 12:47

سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 مئی2026ء) میڈیکل سپرنٹنڈنٹ تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال پسرور ڈاکٹر راحت محمود ججہ نے کہا ہے کہ موسمِ گرما کے دوران موسمیاتی بیماریوں میں نمایاں اضافہ ہو جاتا ہے خصوصاً پیٹ کی بیماریوں کے کیسز زیادہ رپورٹ ہو رہے ہیں۔ ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ شہری اپنی صحت کا خاص خیال رکھیں اور احتیاطی تدابیر پر عمل کریں تاکہ مختلف بیماریوں سے محفوظ رہا جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ گرمی کے موسم میں آلودہ پانی اور غیر معیاری خوراک کے استعمال سے ہیضہ، ڈائریا، گیسٹرو اور دیگر معدے کی بیماریاں تیزی سے پھیلتی ہیں۔ انہوں نے شہریوں کو ہدایت کی کہ ابلا ہوا اور صاف پانی استعمال کریں، بازاری اور غیر معیاری کھانوں سے پرہیز کریں اور ہاتھوں کی صفائی کا خاص خیال رکھیں۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ کھانے سے پہلے اور بعد میں ہاتھ دھونا بیماریوں سے بچاؤ کا مؤثر ذریعہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ شدید گرمی میں پانی کا زیادہ استعمال کریں اور دھوپ میں غیر ضروری نکلنے سے گریز کریں، بچوں اور بزرگوں کا خصوصی خیال رکھا جائے کیونکہ وہ موسمی بیماریوں سے زیادہ متاثر ہوتے ہیں۔ ڈاکٹر راحت محمود ججہ نے اس عزم کا اظہار کیا کہ تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال پسرور میں مریضوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں اور ایمرجنسی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تمام تر انتظامات مکمل ہیں۔ آخر میں انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ کسی بھی بیماری کی صورت میں فوری طور پر ڈاکٹر سے رجوع کریں تاکہ بروقت علاج ممکن بنایا جا سکے۔

متعلقہ عنوان :