جموں وکشمیر،ٹرانسپورٹرز کا قابض بھارتی انتظامیہ کی بے حسی کے خلاف 12مئی سے ہڑتال کا اعلان

جمعرات 7 مئی 2026 12:56

سری نگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 مئی2026ء) بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیر میں ٹرانسپورٹرز نے اپنے مطالبات کے سلسلے میں قابض بھارتی انتظامیہ کی بے حسی کے خلاف 12 مئی سے غیر معینہ مدت کی ہڑتال کا اعلان کیا ہے۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن کشمیر کے صدر شبیر احمدمٹہ نے سرینگر میں صحافیوں کو بتایا کہ انتظامیہ نے ان کے جائز مطالبات کے حوالے سے مکمل بے حسی اختیارکر رکھی ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہم نے حکومت کو 11 مئی تک کا وقت دیا ہے اور اگر ہمارے حقیقی مطالبات تسلیم نہیں کیے گئے تو پورا کشمیر 12 مئی سے پہیہ جام ہڑتال کرے گا اور یہ ہڑتال غیر معینہ مدت کےلئے ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ اگر انتظامیہ ہمارے مطالبات کی طرف توجہ دیتی تو یہ صورتحال پیدا نہ ہوتی۔شبیر احمد نے کہا کہ وہ پہلے ہی کہہ چکے ہیں کہ انتظامیہ سمارٹ سٹی بسوں کے ذریعے ان کی روزی روٹی پر ڈاکہ مارنا چاہتی ہے ، ہم ترقی کے خلاف نہیں ہیں لیکن یہ ہمارے روزگار کی قیمت پر نہیں ہونی چاہیے ۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں احتجاج کو تیز کرنے پر مجبور کیا جا رہا ہے ۔