مقبوضہ جموںوکشمیر،ٹرانسپورٹروں نے 12مئی سے ہڑتال کی دھمکی دیدی

جمعرات 7 مئی 2026 13:39

سری نگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 مئی2026ء) بھارت غیر قانونی طور زیر قبضہ جموں و کشمیر میں ٹرانسپورٹرں نے اپنے مطالبات کے تئیں قابض بھارتی انتظامیہ کی بے حسی کے خلاف 12 مئی سے غیر معینہ مدت کی ہڑتال کا اعلان کیا ہے۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن کشمیر کے صدر شبیر احمدمٹہ نے سری نگر میں صحافیوں کو بتایا کہ انتظامیہ نے انکے جائز مطالبات کے حوالے سے مکمل بے حسی اختیارکر رکھی ہے ۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہا کہ ہم نے حکومت کو 11 مئی تک کا وقت دیا ہے اور اگر ہمارے حقیقی مطالبات تسلیم نہیں کیے گئے، تو پورا کشمیر 12 مئی سے پہیہ جام ہڑتال کرے گا اور یہ ہڑتال غیر معینہ مدت کیلئے ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ اگر انتظامیہ ہمارے مطالبات کی طرف توجہ دیتی تو یہ صورتحال پیدا نہ ہوتی۔شبیر احمد نے کہا کہ وہ پہلے ہی کہہ چکے ہیں کہ انتظامیہ سمارٹ سٹی بسیوں کے ذریعے انکی روزی روٹی پر ڈھاکہ مارنا چاہتی ہے ، ہم ترقی کے خلاف نہیں ہیں لیکن یہ ہمارے روزگار کی قیمت پر نہیں ہونی چاہیے ۔ انہوںنے کہا کہ ہمیں احتجاج کو تیز کرنے پر مجبور کیا جا رہا ہے ۔