مظفرآباد ،سی ایم ایچ ملازمین کی پاک فوج سے اظہارِ یکجہتی ریلی

جمعرات 7 مئی 2026 16:30

مظفرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 مئی2026ء) معرکۂ حق کی کامیابی کا ایک سال مکمل ہونے پر سی ایم ایچ مظفرآباد کے ملازمین کی جانب سے پاک فوج سے اظہارِ یکجہتی کے لیے ریلی نکالی گئی۔ ریلی سی ایم ایچ مظفرآباد سے شروع ہو کر اپر اڈہ، لال چوک اور شہر کے مختلف راستوں سے گزرتی ہوئی دوبارہ سی ایم ایچ پہنچ کر اختتام پذیر ہوئی۔ریلی میں پیرا میڈیکل اسٹاف، طبی عملے اور سول سوسائٹی کے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

(جاری ہے)

شرکاء نے قومی پرچم اٹھا رکھے تھے جبکہ “پاک فوج زندہ باد” کے فلک شگاف نعروں سے مظفرآباد کی فضاء گونج اٹھی۔ اس دوران شرکاء نے پاک افواج کے حق میں اور بھارت کے خلاف بھرپور نعرے بازی بھی کی۔مقررین کا کہنا تھا کہ افواجِ پاکستان نے ہمیشہ ملک کی سلامتی، دفاع اور عوام کے تحفظ کے لیے لازوال قربانیاں دی ہیں اور پوری قوم اپنی بہادر افواج کے ساتھ کھڑی ہے۔ ریلی کے اختتام پر شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کیا گیا اور ملکی سلامتی، استحکام اور قومی یکجہتی کے لیے خصوصی دعا بھی کی گئی۔\378