آپریشن بنیان مرصوص ،تاریخ یاد رکھے گی کہ کون ثابت قدم رہا اور کون پیچھے ہٹ گیا، طارق فضل چوہدری

جمعرات 7 مئی 2026 17:04

آپریشن بنیان مرصوص ،تاریخ یاد رکھے گی کہ کون ثابت قدم رہا اور کون پیچھے ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 مئی2026ء) وفاقی وزیر پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہا ہے کہ بھارت آپریشن بنیان مرصوص یاد رکھے ،اگر اس نے دوبارہ ایسی کوشش کی یا کوئی اور ڈرامہ رچایا تو اس کا جواب پہلے سے کہیں زیادہ موثر انداز میں دیا جائے گا۔ جمعرات کو سماجی رابطہ کی ویب سائیٹ ایکس پر اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ مودی نے پاکستان کے خلاف بیانیہ تیار کرنے کے لیے سب سے پہلے پہلگام جیسے جھوٹے پراپیگنڈے کا ناکام ڈرامہ رچایا۔

لیکن جب پاکستان نے معتبر ثبوت اور غیر جانبدار بین الاقوامی تحقیقات کا مطالبہ کیا تو بھارت پیچھے ہٹ گیا اور اس کے پاس کوئی جواب نہیں تھا۔ بھارت کے نام نہاد ’’آپریشن سندور‘‘ کو آپریشن بنیان مرصوص نے کچل دیا۔

(جاری ہے)

پاکستان کی مسلح افواج نے موثر انداز میں پوری قوت کے ساتھ جوابی کارروائی کرتے ہوئے 6 بھارتی لڑاکا طیاروں کو مار گرایا اور بھارت کو ہر محاذ پر شکست دی دنیا نے دیکھا کہ کس فریق نے پروپیگنڈے پر انحصار کیا اور کس نے عمل سے اپنی برتری ثابت کی۔

آپ سوشل میڈیا کو جعلی بیانیہ، کہانیوں اور کھوکھلے نعروں سے بھر سکتے ہیں، لیکن حقائق کو دفن نہیں کیا جا سکتا کیونکہ ساری دنیا حقائق اور سچائی سے آگاہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ تاریخ یاد رکھے گی کہ کون ثابت قدم رہا اور کون پیچھے ہٹ گیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان امن کا خواہاں ہے لیکن اگر دوبارہ جارحیت مسلط کی گئی تو اس کا جواب سخت، تیز اور کہیں زیادہ موثر انداز میں دیا جائے گا۔ انہوں نے بھارت پر واضح کیا کہ دھمکیاں دینے یا کوئی اور ڈرامہ کرنے سے پہلے یاد رکھیں پاکستان ہر لمحہ مسلح اور تیار ہے۔