نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کی داتا دربار آمد، ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ لیا

مزار شریف پر حاضری ، فاتحہ خوانی ،ملکی سلامتی، خوشحالی اور امتِ مسلمہ کے اتحاد کیلئے خصوصی دعا بھی کی

جمعہ 8 مئی 2026 13:03

نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کی داتا دربار آمد، ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 مئی2026ء) نائب وزیر اعظم سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے داتا دربار کا دورہ کیا جہاں انہوں نے مزار شریف پر حاضری دی، فاتحہ خوانی کی اور ملکی سلامتی، خوشحالی اور امتِ مسلمہ کے اتحاد کیلئے خصوصی دعا کی۔اس موقع پر محکمہ اوقاف کے اعلیٰ افسران نے نائب وزیراعظم کو جاری ترقیاتی منصوبوں، انتظامی امور اور زائرین کی سہولیات سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔

(جاری ہے)

نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے داتا دربار کے مختلف ترقیاتی منصوبوں کا معائنہ کیا اور جاری توسیعی پروگرام کو قابلِ تحسین قرار دیتے ہوئے کہا کہ حضرت داتا گنج بخش کا مزار امن، روحانیت، رواداری اور اسلامی اقدار کا عظیم مرکز ہے۔ انہوں نے دربار شریف میں انفراسٹرکچر، صفائی، سکیورٹی، رش مینجمنٹ اور عوامی سہولیات میں بہتری کو حکومت کے عزم کا مظہر قرار دیا۔سیکرٹری اوقاف ڈاکٹر احسان بھٹہ نے اس موقع پر کہا کہ داتا دربار میگا پراجیکٹ کو بروقت مکمل کیا جائے گا تاکہ زائرین کو مزید بہتر سہولیات فراہم کی جا سکیں۔دورے کے دوران سی اینڈ ڈبلیو ،نیسپاک اورمحکمہ اوقاف کے افسران بھی موجود تھے ۔