Live Updates

ایران، امریکا کشیدگی کے بعد عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمت میں اضافہ

برینٹ خام تیل کی قیمت میں 1.2 فیصد اضافہ ہوا جس کے بعد اس کی قیمت 101.26 ڈالر فی بیرل تک پہنچ گئی

Faizan Hashmi فیضان ہاشمی جمعہ 8 مئی 2026 11:19

ایران، امریکا کشیدگی کے بعد عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمت میں اضافہ
تہران (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 08 مئی2026ء)  ایران، امریکا کشیدگی کے بعد عالمی منڈی میں تیل مہنگا ہوگیا، جس کے نتیجے میں جمعے کے روز خام تیل کی قیمتوں میں تقریباً ایک فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ سرمایہ کاروں میں جنگ بندی کے مستقبل اور آبنائے ہرمز میں ترسیل کی صورتحال سے متعلق خدشات کے باعث مارکیٹ غیر یقینی کیفیت کا شکار رہی۔ خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق برینٹ خام تیل کی قیمت میں 1.2 فیصد اضافہ ہوا جس کے بعد اس کی قیمت 101.26 ڈالر فی بیرل تک پہنچ گئی۔

دوسری جانب امریکی ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ (ڈبلیو ٹی آئی) خام تیل 0.9 فیصد اضافے کے ساتھ 95.66 ڈالر فی بیرل پر ٹریڈ کرتا رہا، جبکہ ابتدائی کاروبار کے دوران دونوں بینچ مارکس میں تین فیصد سے زائد اضافہ بھی دیکھا گیا۔

(جاری ہے)

یہ اضافہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب امریکا اور ایران کی جانب سے جمعے کی شب ایک دوسرے پر آبنائے ہرمز میں حملوں کا الزام عائد کیا گیا، جس کے بعد خطے میں کشیدگی دوبارہ بڑھ گئی۔

ایران نے امریکا پر الزام لگایا کہ اس نے جنگ بندی کی خلاف ورزی کرتے ہوئے ایرانی آئل ٹینکر، ایک جہاز اور شہری علاقوں کو نشانہ بنایا۔ ادھر ایرانی فورسز نے آبنائے ہرمز میں اپنے آئل ٹینکر پر ہونے والے امریکی حملے کا جواب دیتے ہوئے امریکہ کے اہم اہداف کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا ہے۔ ایران کے سرکاری نشریاتی ادارے نے فوجی عہدیدار کے حوالے سے بتایا کہ ایرانی فوج نے دشمن یونٹس پر میزائل داغے، یہ کارروائی اس وقت کی گئی جب امریکہ نے آبنائے ہرمز میں ایرانی آئل ٹینکر کو نشانہ بنایا، ایرانی حملے میں دشمن کے یونٹس کو نقصان پہنچا جس کے بعد وہ علاقے سے نکل گئے۔
Live ایران امریکا کشیدگی سے متعلق تازہ ترین معلومات