کمشنر بہاولپور ڈویژن کا پنجاب کونسل آف دی آرٹس بہاولپور کی زیرِ تعمیر سٹیٹ آف دی آرٹ عمارت کا دورہ

ہفتہ 9 مئی 2026 00:00

بہاولپور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 مئی2026ء) کمشنر بہاولپور ڈویژن عرفان علی کاٹھیا نے پنجاب کونسل آف دی آرٹس بہاولپور کی زیرِ تعمیر سٹیٹ آف دی آرٹ عمارت کا دورہ کیا اور جاری تعمیراتی کام کا جائزہ لیتے ہوئے کام کی رفتار تیز کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ منصوبے کو مقررہ مدت میں مکمل کیا جائے اور کسی قسم کی غفلت یا تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی۔

اس موقع پر ڈپٹی کمشنر بہاولپور سید حسن رضا، ڈائریکٹر پبلک ریلیشنز و ڈائریکٹر آرٹس کونسل بہاولپور ڈاکٹر ناصر حمید، ایس ای بلڈنگ بھی انکے ہمراہ تھے۔دورے کے موقع پر انہیں منصوبے کی پیش رفت، تعمیراتی مراحل اور تکنیکی پہلوؤں کے حوالے سے جامع بریفنگ دی گئی۔ حکام نے بتایا کہ عمارت کی تکمیل کے لیے مزید 560.150 ملین روپے کی منظوری دی گئی ہے تاکہ باقی ماندہ ترقیاتی کام بروقت مکمل کیے جا سکیں جبکہ جدید سٹیٹ آف دی آرٹ عمارت 45 کروڑ 70 لاکھ روپے کی لاگت سے تعمیر کی جا رہی ہے۔

(جاری ہے)

بریفنگ میں بتایا گیا کہ عمارت میں جدید سہولیات سے آراستہ آڈیٹوریم، آرٹ گیلریز، ثقافتی و ادبی سرگرمیوں کے لیے مخصوص ہالز اور دیگر بنیادی سہولیات فراہم کی جائیں گی، جو خطے میں ثقافتی سرگرمیوں کے فروغ میں اہم کردار ادا کریں گی۔کمشنر عرفان علی کاٹھیا نے ہدایت کی کہ تعمیراتی معیار کو اعلیٰ سطح پر یقینی بنایا جائے اور تزئین و آرائش میں کسی قسم کی کوتاہی نہ برتی جائے تاکہ یہ عمارت طویل عرصے تک عوامی و ثقافتی ضروریات پوری کر سکے۔

انہوں نے متعلقہ افسران کو باقاعدہ نگرانی اور ہر مرحلے پر شفافیت یقینی بنانے کی بھی تاکید کی۔انہوں نے کہا کہ حکومتِ پنجاب ثقافت اور فنونِ لطیفہ کے فروغ کے لیے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے اور یہ منصوبہ بہاولپور سمیت جنوبی پنجاب کے لیے خصوصی اہمیت کا حامل ہے۔اس موقع پر ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ اینڈ فنانس، ایس ای بلڈنگ اور دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے، جنہوں نے فنڈز کے استعمال اور تعمیراتی پیش رفت سے متعلق تفصیلی آگاہی فراہم کی۔

متعلقہ عنوان :