پاکستان کے عوام اپنی ریاست و افواج کے ساتھ ہیں، گورنرخیبرپختونخوا

ہفتہ 9 مئی 2026 12:26

پاکستان کے  عوام اپنی ریاست و افواج کے ساتھ ہیں، گورنرخیبرپختونخوا
پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 مئی2026ء) گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ پاکستان کے عوام اپنی ریاست و افواج کے ساتھ ہیں۔ ہفتہ کو جاری اپنے ایک خصوصی پیغام میں گورنر خیبر پختونخوا نے کہا کہ نو مئی پاکستان دشمنی کی تاریخ کا وہ سیاہ دن ہے جس میں ملوث کرداروں کو سبز ہلالی پرچم سے محبت کرنے والے کبھی فراموش نہیں کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ نو مئی کو وطن کی خاطر شہادت قبول کرنے والوں کی یادگاریں، افواج کی تنصیبات اور قومی اداروں پر حملے دراصل ملک کے وقار وتحفظ پر حملے تھے، سیاسی انتقام میں پاکستان کو نشانہ بنایا گیا، نو مئی کے سازشی کرداروں، سہولت کاروں اور منصوبہ سازوں کے خلاف قانون و آئین کے مطابق درست سزائیں وقت کی ضرورت ، ملک کے وقار کا تقاضا اور انصاف کی بالادستی کےلیے یقینی تھا اور یہ سلسلہ جاری رکھنا چاہیے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے ہمیشہ ظلم کا مقابلہ کیا، بھٹو شہید کے عدالتی قتل پر ریاست کو نقصان پہنچانے کے بجائے کارکنوں نے خود سوزیان کیں، بے نظیر بھٹو جیسی عظیم قائد کی شہادت پر صدر آصف علی زرداری نے پاکستان کھپے کا نعرہ لگایا۔ گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ پاکستان کے عوام اپنی ریاست و افواج کے ساتھ ہیں، معرکہ حق بنیان مرصوص میں افواج پاکستان نے اپنی مہارت اور قربانیوں سے ملک کے دفاع کو ناقابل تسخیر بناکر پوری دنیا میں پاکستانیوں کا سر فخر سے بلند کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے عوام کو افواج پاکستان پر فخر ہے اور ملک کے دفاع میں ہم سب یکجان ہیں۔