2026 کی پہلی سہ ماہی: ایزی پیسہ بینک کا قبل از ٹیکس منافع 3.66 ارب روپے کی ریکارڈ سطح پر پہنچ گیا

Muhammad Bilal Abbasi محمد بلال عباسی ہفتہ 9 مئی 2026 15:27

2026 کی پہلی سہ ماہی: ایزی پیسہ بینک کا قبل از ٹیکس منافع 3.66 ارب روپے کی ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 09 مئی2026ء) ایزی پیسہ ڈیجیٹل بینک نے ایک اور ریکارڈ ساز سہ ماہی کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پاکستان کے پہلے ڈیجیٹل ریٹیل بینک کے طور پر اپنی ساخت مزید مضبوط کر لی۔ 31 مارچ 2026 کو ختم ہونے والی سہ ماہی کے لیے بینک نے بعد از ٹیکس منافع (PAT) 1اعشاریہ 49 ارب روپے اور فی شیئر آمدن(EPS) 2 اعشایہ 47 روپے رپورٹ کیا، جبکہ قبل از ٹیکس منافع(PBT) 3 اعشاریہ 66 ارب روپے تک پہنچ گیا، جو گزشتہ سال کی اسی سہ ماہی میں ریکارڈ کیے گئے 84 کروڑ روپے کے مقابلے میں 4 اعشاریہ 4 گنا اضافہ ہے ، جو بینک کے لیے ایک اور اہم سنگ میل ہے۔

2026 کی پہلی سہ ماہی کے دوران پاکستان کی معاشی صورتحال میں بتدریج استحکام دیکھنے میں آیا، جسے آئی ایم ایف کے ایکسٹینڈڈ فنڈ فیسیلٹی معاہدے، دوطرفہ مالی معاونت اور مسلسل کرنٹ اکاؤنٹ سرپلسز کی حمایت حاصل رہی۔

(جاری ہے)

اس بہتر معاشی ماحول نے بینک کی مسلسل ترقی کے لیے سازگار بنیاد فراہم کی۔ بینک کی کارکردگی کو وسیع بنیادوں پر آمدن میں اضافے نے تقویت دی، جبکہ مجموعی آمدن میں سال بہ سال 24 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

نیٹ مارک اپ آمدن میں 22 فیصد سالانہ اضافہ ہوا، جس کی بنیادی وجہ قرضہ جاتی پورٹ فولیو اور ٹریژری بکس میں توسیع رہی، جبکہ مضبوط ڈپازٹ گروتھ کے باعث ٹریژری آمدن میں بھی نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا۔ فیس پر مبنی آمدن میں بھی 27 اعشاریہ 1 فیصد کا مضبوط اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جو ادائیگیوں کی خدمات سے حاصل ہونے والی زیادہ آمدن، بشمول OPS ریوینیو اور لوڈ اینڈ بنڈل آمدن، کی بدولت ممکن ہوا۔

منافع میں مزید بہتری نیٹ پروویژن چارجز میں نمایاں کمی کے باعث آئی، جو ڈیجیٹل قرضہ جاتی پورٹ فولیو میں کم ڈیفالٹ ریٹس اور پہلے سے رائٹ آف کیے گئے قرضوں کی بہتر ریکوریز کی عکاسی کرتی ہے۔ آپریٹنگ اخراجات میں سال بہ سال 22 فیصد اضافہ ہوا، جو صارفین اور مرچنٹس بڑھانے اور انہیں برقرار رکھنے کے اقدامات میں بینک کی مسلسل سرمایہ کاری کے مطابق ہے۔