وزیر اعلیٰ بلوچستان کا “معرکہ حق” کے موقع پر افواجِ پاکستان کو خراجِ تحسین

ہفتہ 9 مئی 2026 14:17

وزیر اعلیٰ بلوچستان کا “معرکہ حق” کے موقع پر افواجِ پاکستان کو خراجِ ..
کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 مئی2026ء) وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے معرکہ حق کے موقع پر اپنے خصوصی خصوصی پیغام میں کہا کہ معرکہ حق وہ تاریخی دن ہے جب پاکستان نے اپنی قوت، خودداری اور غیر متزلزل عزم کا لوہا پوری دنیا میں منوایا، آج معرکہ حق کے عظیم دن کےموقع پر افواجِ پاکستان، قومی سیاسی قیادت اور خصوصاً فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو خراجِ تحسین پیش کرتا ہوں، وزیر اعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی جراتمندانہ قیادت میں افواجِ پاکستان نے طاقت کے غرور میں مبتلا دشمن کے ناپاک عزائم خاک میں ملا دیے، وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ بلوچستان کے عوام اس دن کو پاکستان کے تحفظ، سلامتی اور استحکام کے عزم کے ساتھ یومِ فخر کے طور پر مناتے ہیں، بلوچستان کے عوام ہمیشہ وطنِ عزیز کے دفاع اور قومی سلامتی کے لیے صفِ اول کا کردار ادا کرتے آئے ہیں اور آئندہ بھی کرتے رہیں گے، وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ پاکستان کی جانب اٹھنے والی ہر میلی آنکھ کے سامنے افواجِ پاکستان اور پوری قوم سیسہ پلائی دیوار بن کر کھڑی ہوگی، وزیر اعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ آج کا دن اس عہد کی تجدید کا دن ہے کہ پاکستان سے وفاداری، محبت اور قومی یکجہتی میں کسی قسم کی کمزوری آنے نہیں دیں گے۔