ڈپٹی کمشنر پشاور کی زیر صدارت ڈینگی صورتحال، اقدامات و کنٹرول کے حوالے سے اجلاس

جمعہ 8 مئی 2026 23:59

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 مئی2026ء) صوبائی حکومت کے احکامات کی روشنی میں ڈپٹی کمشنر پشاور کیپٹن (ر) ثناءاللہ خان کی زیر صدارت ڈینگی صورتحال، اقدامات و کنٹرول کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا ،جس میں عوامی نمائندگان، انتظامی افسران، محکمہ صحت، بلدیات، تعلیم، لائیو سٹاک، لوکل گورنمنٹ اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔

اجلاس میں سال 2025 کے دوران ڈینگی کی صورتحال، رپورٹ ہونے والے کیسز، ہاٹ سپاٹس اور کیے گئے انسدادی اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔دستیاب ڈیٹا کا تجزیہ کرتے ہوئے گزشتہ سال کے تجربات اور سیکھے گئے اسباق پر بھی غور کیا گیا۔ مزید برآں رواں سال کی ڈینگی مہم کےلیے پیشگی تیاریوں پر تفصیلی بحث کی گئی جس میں سرویلنس، لاروا کنٹرول، فوگنگ، آگاہی مہم اور بین المحکماتی رابطہ کاری کو مؤثر بنانے پر زور دیا گیا۔

(جاری ہے)

تمام محکموں کو ہدایت کی گئی کہ وہ اپنی اپنی ذمہ داریوں کے مطابق مربوط حکمتِ عملی کے تحت بروقت اقدامات یقینی بنائیں۔ڈپٹی کمشنر پشاور کیپٹن (ر) ثناءاللہ خان نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ڈینگی کی روک تھام کےلیے تمام متعلقہ اداروں کو مشترکہ اور مربوط حکمتِ عملی کے تحت کام کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ انسدادی اقدامات میں غفلت کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی اور فیلڈ میں عملی کارکردگی کو یقینی بنایا جائے گا۔

انہوں نے عوام سے بھی اپیل کی کہ وہ اپنے گھروں اور اردگرد کے ماحول کو صاف رکھیں، پانی کھڑا نہ ہونے دیں اور ضلعی انتظامیہ کے ساتھ بھرپور تعاون کریں تاکہ ڈینگی کے پھیلاؤ کو مؤثر انداز میں روکا جا سکے۔ ضلعی انتظامیہ پشاور نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ عوام کے تعاون سے ڈینگی کی روک تھام کےلیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے تاکہ انسانی جانوں کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔