آئی جی پنجاب کا جمعة المبارک پر سکیورٹی مزید سخت کرنے کا حکم

جمعہ 8 مئی 2026 23:58

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 08 مئی2026ء) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے جمعة المبارک کے موقع پر لاہور سمیت صوبہ بھر میں سکیورٹی مزید سخت کرنے کے احکامات جاری کر دیے ہیں۔ انہوں نے تمام آر پی اوز، ڈی پی اوز اور ضلعی پولیس افسران کو ہدایت کی ہے کہ مساجد، امام بارگاہوں، مزارات، مارکیٹوں اور دیگر حساس مقامات کی فول پروف سکیورٹی یقینی بنائی جائے۔

آئی جی پنجاب نے کہا کہ مساجد، امام بارگاہوں، کاروباری مراکز اور اہم شاہراہوں کے اطراف پولیس پٹرولنگ میں اضافہ کیا جائے تاکہ شہریوں کے جان و مال اور املاک کا مؤثر تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔ انہوں نے واضح کیا کہ صوبے میں امن و امان کا قیام پولیس کی اولین ترجیح ہے۔انہوں نے ہدایت کی کہ ڈی پی اوز سمیت تمام سینئر پولیس افسران فیلڈ میں موجود رہیں اور سکیورٹی انتظامات کا خود جائزہ لیں تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بروقت نمٹا جا سکے۔

(جاری ہے)

آئی جی پنجاب نے مزید کہا کہ نمازِ جمعہ کے بعد پولیس افسران مساجد میں شہریوں کے مسائل سنیں اور فوری حل کے لیے عملی اقدامات کریں۔ انہوں نے زور دیا کہ سینئر افسران مساجد کے ذریعے عوام کی دہلیز پر جا کر ان کے مسائل کے حل کو یقینی بنائیں تاکہ پولیس اور عوام کے درمیان اعتماد کو مزید مضبوط بنایا جا سکے۔