کسی نے جارحیت کی تو فوج کے شانہ بشانہ کھڑے ہوں گے،طاہر محمود اشرفی

ہفتہ 9 مئی 2026 17:14

کسی نے جارحیت کی تو فوج کے شانہ بشانہ کھڑے ہوں گے،طاہر محمود اشرفی
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 مئی2026ء) چیئرمین پاکستان علما کونسل حافظ طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ اگر کسی نے جارحیت کی توفوج کے شانہ بشانہ کھڑے ہوں گے ،پاکستان کی سلامتی اور استحکام کے خلاف کسی سازش کو قبول نہیں کیا جائے گا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جامعہ اشرفیہ لاہور میں افواجِ پاکستان سے اظہارِ یکجہتی اور یومِ تشکر کے سلسلہ میں ہفتہ کے روز منعقدہ عظیم الشان معرکہ حق،بنیان مرصوص کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

کانفرنس مہتمم جامعہ اشرفیہ مولانا قاری ارشد عبید کی زیر صدارت نیو لائبریری ہال میں منعقد ہوئی،جس میں مختلف دینی،مذہبی اور سماجی جماعتوں کے قائدین نے شرکت کی۔چیئرمین پاکستان علما کونسل حافظ طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ پاکستان کے ہر مشکل مرحلے میں جامعہ اشرفیہ نے مضبوط آواز بلند کی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ مودی روز کہا کرتا تھا کہ رافیل ملنے دیں پھر پاکستان کے ساتھ دیکھوں گا،مگر شاہینوں نے رافیل بھی گرادیئے۔

انہوں نے کہا کہ ہم مضبوط فوج اور متحد قوم کے بغیر آگے نہیں بڑھ سکتے ۔انہوں نے کہا کہ شیخ الحدیث مولانا ادریس کو اس لیے نشانہ بنایا گیا کیونکہ وہ پاکستان کے وقار اور امن کی بات کرتے تھے،امن اور پاکستان کی بات کرنے والوں کو نشانہ بنایا جاتا ہے۔حافظ طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ بدر والوں کے راستے پر چلنے کی کوشش کرنے والوں کو اللہ تعالی فاتح بناتا ہے۔

چیئرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی مولانا عبد الخبیر آزاد نے کہا کہ پاکستان کے مدرسے بھی بنیان مرصوص منانے میں پیش پیش ہیں۔انہوں نے کہا کہ اس تشکر کو منا کر دنیا کو بتا دیں کہ ہم پاکستان سے محبت کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ سب کو ملکر پاکستان کو مضبوط بنانے کے لیے کردار ادا کرنا ہوگا جبکہ پوری مسلح افواج کو سلام پیش کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ افواجِ پاکستان نے مودی کے غرور کو خاک میں ملا دیا،اگر آئندہ کسی قسم کی جارحیت ہوئی تو بھرپور جواب دیا جائے گا جبکہ منبر و محراب افواجِ پاکستان کے ساتھ کھڑے ہیں۔

مولانا عبد الخبیر آزاد نے کہا کہ دنیا میں پاکستان امن کے مرکز کے طور پر ابھر رہا ہے۔پاکستان شیعہ علما کونسل کے نمائندہ قاسم علی قاسمی نے کہا کہ پاکستان میں فرقہ واریت نہیں چلنے دی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کے لئے ہم سب متحد تھے،ہیں اور رہیں گے۔انہوں نے کہا کہ فرقہ واریت کے پیچھے بھارت اور اسرائیل تھے جبکہ آج جنگیں ختم کروانے کے لیے دنیا پاکستان کی طرف دیکھ رہی ہے۔

نولکھا چرچ کے پادری ڈاکٹر مجید ایبل نے کہا کہ بنیان مرصوص نے پاکستان کو جو اتحاد دیا اس پر دشمن بھی حیران ہے۔انہوں نے کہا کہ مودی کا مقصد اندھیرے میں پاکستان کو نقصان پہنچانا تھا مگر افواجِ پاکستان نے ایسا جواب دیا کہ عالمی سطح پر پاکستانیوں کا سر فخر سے بلند ہوگیا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان نے دنیا میں خود کو جنگ نہیں بلکہ امن فراہم کرنے والے ملک کے طور پر پیش کیا ہے۔