اقوام متحدہ نے لیبیا میں جھڑپوں کی مذمت کر دی

ہفتہ 9 مئی 2026 09:28

طرابلس (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 مئی2026ء) اقوام متحدہ کے معاون مشن برائے لیبیا (یواین ایس ایم آئی ایل ) نے مغربی لیبیا کے شہر زاویہ اور گرد و نواح میں جاری مسلح جھڑپوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ یہ صورتحال شہریوں اور اہم تنصیبات کے لیے سنگین خطرہ بن چکی ہے۔شنہوا کے مطابق اقوام متحدہ کے مشن نے اپنے بیان میں کہا کہ گنجان آباد رہائشی علاقوں میں بھاری ہتھیاروں اور اندھا دھند فائرنگ کا استعمال “ناقابلِ قبول” ہے اور اس سے شہریوں کی جانیں شدید خطرے میں پڑ گئی ہیں۔

(جاری ہے)

بیان میں زاویہ آئل ریفائنری کے قریب رہائشی کمپاؤنڈز کو عسکری مقاصد کے لیے استعمال کیے جانے کی اطلاعات پر بھی تشویش ظاہر کی گئی۔ مشن نے زور دیا کہ شہری تنصیبات کو جنگی میدان میں تبدیل نہیں کیا جانا چاہیے اور تمام فریق فوری طور پر لڑائی بند کریں۔دوسری جانب زاویہ آئل ریفائننگ کمپنی نے تصدیق کی ہے کہ آئل کمپلیکس کے قریب جھڑپوں کے باعث ریفائنری کو مکمل طور پر بند کر دیا گیا ہے اور بندرگاہ سے تیل بردار جہازوں کو بھی ہٹا لیا گیا ہے۔ کمپنی نے ہنگامی صورتحال نافذ کرنے کا اعلان بھی کیا ہے۔