آزاد کشمیر کے سے سے بڑے صحافتی اداریسنٹرل پریس کلب کے زیرِ اہتمام‘‘بنیان مرصوص’’تقریب کا انعقاد

ہفتہ 9 مئی 2026 22:12

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 09 مئی2026ء) آزاد کشمیر کے سے سے بڑے صحافتی اداریسنٹرل پریس کلب کے زیرِ اہتمام‘‘بنیان مرصوص’’تقریب کا انعقاد،کیا گیا جس میں پاک افواج سے بھرپور اظہارِ یکجہتی کا اظہار کیا گیا ،سنٹرل پریس کلب کے زیرِ اہتمام‘‘بنیان مرصوص’’کی پروقار، تقریب جس میں صحافی برادری، سماجی و سیاسی شخصیات، وکلاء، دانشوروں، نوجوانوں اور مختلف مکاتبِ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

تقریب کا مقصد قومی اتحاد، باہمی ہم آہنگی، ملکی استحکام اور پاک افواج کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کرنا تھا۔تقریب کا آغاز تلاوتِ کلامِ پاک سے کیا گیا جبکہ بعد ازاں نعتِ رسولِ مقبول ﷺ پیش کی گئی۔ اس موقع پر مقررین نے‘‘بنیان مرصوص’’کے فلسفے پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ آج کے نازک حالات میں پوری قوم کو اتحاد، برداشت اور حب الوطنی کے جذبے کے ساتھ آگے بڑھنے کی ضرورت ہے۔

(جاری ہے)

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سنٹرل پریس کلب کے صدر سہیل مغل نے کہا کہ‘‘بنیان مرصوص’’صرف ایک لفظ نہیں بلکہ ایک مکمل قومی سوچ اور پیغام ہے، جو ہمیں متحد اور مضبوط رہنے کا درس دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ صحافی معاشرے کی آنکھ اور آواز ہوتے ہیں، اس لیے میڈیا پر ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ معاشرے میں مثبت سوچ، قومی یکجہتی اور سچائی کو فروغ دے۔

ان کا کہنا تھا کہ آج دشمن قوتیں پاکستان کو کمزور کرنے کے لیے مختلف حربے استعمال کر رہی ہیں، لیکن پوری قوم اپنی افواج کے ساتھ کھڑی ہے اور کسی بھی سازش کو کامیاب نہیں ہونے دے گی۔ پریس فاؤنڈیشن کے وائس چیئرمین سردار ذوالفقار نے اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستان کی سلامتی اور بقاء کے لیے پاک افواج کی قربانیاں ناقابلِ فراموش ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وطنِ عزیز ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے اور ہمیں اختلافات سے بالاتر ہو کر ملکی ترقی و خوشحالی کے لیے مل کر کام کرنا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ میڈیا کو قومی بیانیے کے فروغ اور نوجوان نسل میں حب الوطنی کے جذبے کو اجاگر کرنے میں مثبت کردار ادا کرنا چاہیے۔ڈائریکٹر راجہ سجاد نے کہا کہ معاشرے میں بڑھتی ہوئی بے یقینی اور انتشار کے ماحول میں‘‘بنیان مرصوص’’کا پیغام پہلے سے زیادہ اہم ہو چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج ہمیں ذاتی مفادات سے نکل کر قومی مفاد کو ترجیح دینا ہوگی۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان بڑی قربانیوں کے بعد حاصل کیا گیا اور اس کی حفاظت ہم سب کی ذمہ داری ہے۔سابق صدر آفاق شاہ نے کہا کہ صحافت ایک مقدس پیشہ ہے اور صحافیوں کو چاہیے کہ وہ حقائق پر مبنی رپورٹنگ کے ذریعے قوم کی درست رہنمائی کریں۔ انہوں نے کہا کہ جھوٹی خبروں اور منفی پروپیگنڈے کے اس دور میں ذمہ دار صحافت وقت کی اہم ضرورت بن چکی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ سنٹرل پریس کلب ہمیشہ قومی مفاد اور صحافتی اقدار کے فروغ کے لیے اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔بشارت مغل نے اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستان ہم سب کی پہچان ہے اور اس کی سلامتی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان نسل کو مایوسی کے بجائے امید، محنت اور اتحاد کا راستہ اختیار کرنا چاہیے تاکہ ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کیا جا سکے۔

طارق شفیع نے کہا کہ قومیں اتحاد، نظم و ضبط اور قربانی کے جذبے سے ترقی کرتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنے اداروں پر اعتماد اور ملکی سلامتی کے اداروں کے ساتھ مکمل تعاون کرنا ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ آج پوری قوم پاک افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔تقریب کے دوران ملی نغموں کا خصوصی پروگرام بھی پیش کیا گیا، جس میں فنکاروں نے وطنِ عزیز پاکستان، شہداء کی قربانیوں اور پاک افواج سے محبت و اظہارِ یکجہتی پر مبنی ملی نغمے پیش کیے۔

‘‘دل دل پاکستان’’،‘‘اے وطن کے سجیلے جوانو’’اور دیگر ملی نغموں پر شرکاء نے بھرپور جوش و خروش کا اظہار کیا جبکہ ہال پاکستان زندہ باد اور پاک فوج زندہ باد کے نعروں سے گونج اٹھا۔شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان کی سلامتی، استحکام اور ترقی کے لیے پوری قوم متحد ہے اور ہر مشکل گھڑی میں اپنی افواج اور قومی اداروں کے ساتھ کھڑی رہے گی۔ تقریب کے اختتام پر وطنِ عزیز پاکستان کی سلامتی، استحکام، ترقی اور شہداء کے بلند درجات کے لیے خصوصی دعا بھی کی گئی۔