پنجاب حکومت نے پبلک ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں اضافے کا نوٹس لے لیا

محکمہ ٹرانسپورٹ نے ٹرانسپورٹرز سے کرائے نہ بڑھانے کے بیان حلفی لے لیے ہیں‘ سیکرٹری آر ٹی اے پیٹرولیم قیمتیں بڑھنے پر پبلک ٹرانسپورٹرز نے 100سے 450روپے تک کرایوں میں اضافہ کیا تھا

ہفتہ 9 مئی 2026 19:35

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 مئی2026ء) پنجاب حکومت نے پبلک ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں خود ساختہ اضافے کا نوٹس لے لیا،عملدرآمد یقینی بنانے کیلئے ڈپٹی کمشنر اور ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی کو ٹاسک سونپ دیا گیا۔بتایا گیا ہے کہ محکمہ ٹرانسپورٹ اور ٹرانسپوٹرزکے مابین کرائے نہ بڑھانے پراتفاق کرلیا گیا ہے، کچھ ٹرانسپوٹرز نے کرائے نہ بڑھانے پر آمادگی کا اظہارکردیا، محکمہ ٹرانسپورٹ نے ٹرانسپورٹرز سے کرائے نہ بڑھانے کے بیان حلفی لے لیے ہیں۔

سیکرٹری آرٹی اے لاہور رانا محسن کے مطابق مختلف نجی ٹرانسپورٹ کمپنیوں نے کرایے نہ بڑھانے کا بیان حلفی جمع کروادیا ہے،کرایوں میں خودساختہ اضافہ کرنے والوں کے خلاف کارروائی کریں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ تمام بس اڈوں پرچھاپہ مارٹیمیں متحرک کردی گئیں،حکومتی فیصلے کی خلاف ورزیوں پرسخت کارروائیاں عمل میں لائی جائیں گی۔

(جاری ہے)

قبل ازیں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے بعد پبلک ٹرانسپورٹرز نے کرایوں میں اضافہ کردیا، پبلک ٹرانسپورٹرز نے 100روپے سے لے کر 450روپے تک کرایوں میں اضافہ کیا۔

لاہور سے راولپنڈی کا کرایہ 3630روپے سے بڑھا کر 3800روپے ، لاہور سے پشاور کا کرایہ 4240روپے سے بڑھا کر 4460، لاہور سے سرگودھا کا کرایہ 1730 سے بڑھا کر 1810روپے کر دیا گیا۔لاہور سے فیصل آباد کا کرایہ 1580روپے سے بڑھا کر 1655، لاہور سے ملتان کا کرایہ 2890روپے سے بڑھا کر 3050، لاہور سے بہاولپور کا کرایہ 3630روپے سے بڑھا کر 3800روپے ، لاہور سے احمد پور کا کرایہ 3710روپے سے بڑھا کر 3890روپے کر دیا گیا۔لاہور سے سوات کا کرایہ 4480روپے سے بڑھا کر 4700روپے کر دیا گیا، لاہور سے کراچی کا کرایہ 9720روپے بڑھا کر 10170روپے کر دیا گیا۔