خواتین کی حیثیت بارے قومی کمیشن ان کے حقوق، بہبود، تحفظ، معاشی خودمختاری تک رسائی میں موثر کردار ادا کر رہا ہے،گورنر بلوچستان

ہفتہ 9 مئی 2026 20:55

اسلام آباد/کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 مئی2026ء) گورنر بلوچستان جعفر خان مندوخیل سے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں چیئرپرسن نیشنل کمیشن آن دی سٹیٹس آف ویمن نورین بانو لہڑی کی قیادت میں ایک وفد نے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران خواتین کے حقوق، اختیارات اور بنیادی آزادیوں سمیت صنفی مساوات کے فروغ سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

اس موقع پر گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل نے کہا کہ خواتین کی حیثیت سے متعلق قومی کمیشن درحقیقت خواتین اور بچیوں کے حقوق، بہبود، تحفظ، معاشی خودمختاری اور انصاف تک رسائی میں انتہائی اہم اور موثر کردار ادا کر رہا ہے۔ کمیشن کے مینڈیٹ اور جاری اقدامات کو سراہتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایسے ادارے معاشرے میں خواتین کے باوقار مقام کو مستحکم کرنے اور صنفی مساوات کے فروغ کیلئے کلیدی اہمیت کے حامل ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے اس بات پر خصوصی خوشی اور اطمینان کا اظہار کیا کہ پہلی بار بلوچستان کی ایک قابل اور باصلاحیت خاتون محترمہ نورین بانو لہڑی کو خواتین کی حیثیت سے متعلق قومی کمیشن کی چیئرپرسن مقرر کیا گیا ہے۔ امید ہے کہ محترمہ نورین بانو لہڑی اپنے تجربے، وژن اور قائدانہ صلاحیتوں کے ذریعے نہ صرف قومی سطح پر بلکہ بلوچستان میں خواتین کی ترقی، تحفظ اور معاشی طور پر بااختیار بنانے کیلئے مزید موثر اقدامات کریگی۔

گورنر بلوچستان نے یقین دلایا کہ صوبے میں خواتین کے حقوق، تعلیم، معاشی خودمختاری، انصاف تک رسائی اور صنفی بنیاد پر تشدد کے خاتمے سے متعلق ہر مثبت اقدام میں گورنر ہاؤس اور صوبائی سطح پر ہر ممکن تعاون فراہم کیا جائیگا۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں خواتین کی فلاح و بہبود اور ترقی کیلئے مشترکہ کاوشیں وقت کی اہم ضرورت ہے اور اس سلسلے میں خواتین کی حیثیت سے متعلق قومی کمیشن کے ساتھ بھرپور تعاون جاری رکھا جائے گا۔ خواتین کی حیثیت سے متعلق قومی کمیشن کی چیئرپرسن اور ان کی ٹیم نے گورنر بلوچستان کا ہر ممکن تعاون اور رہنمائی فراہم کرنے کی یقین دہانی پر خصوصی شکریہ ادا کیا اور ملاقات کو انتہائی مثبت، تعمیری اور حوصلہ افزاء قرار دیا۔