دبئی ایئرپورٹ پر نیا سکیورٹی نظام متعارف، چیکنگ کا معیار مزید سخت

اس نئے فریم ورک سے دبئی کی ہوا بازی کی صنعت میں پائیداری، مستقل مزاجی اور بہترین کارکردگی کا ایک نیا دور شروع ہوگا، جس سے مسافروں کا تحفظ مزید یقینی ہو جائے گا؛ دبئی پولیس

Sajid Ali ساجد علی اتوار 10 مئی 2026 19:41

دبئی ایئرپورٹ پر نیا سکیورٹی نظام متعارف، چیکنگ کا معیار مزید سخت
دبئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 10 مئی2026ء) دبئی ایئر پورٹ پر سیکیورٹی کا نیا نظام متعارف کروایا گیا ہے جس کے تحت سکیورٹی چیکنگ کے معیار کو مزید سخت بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ خلیجی میڈیا کے مطباق دبئی ایئر پورٹ سیکیورٹی میں نیا نیشنل انسپکٹر نظام متعارف کرایا گیا ہے، نئے نظام کے تحت تمام معائنے بین الاقوامی اصولوں کے مطابق کیے جائیں گے، نیا نظام سکیورٹی خطرات کی نشاندہی میں مدد دے گا، دبئی ایئر پورٹ سیکیورٹی کیلئے اماراتی نوجوانوں کو خصوصی تربیت دی جائے گی، سیکیورٹی نظام کو مزید منظم اور جدید بنایا جا رہا ہے، دبئی حکام پر امید ہیں کہ دبئی ایئر پورٹ پر نگرانی اور معائنے کا نظام مزید بہتر ہوگا، اس نئے فریم ورک سے دبئی کی ہوا بازی کی صنعت میں پائیداری، مستقل مزاجی اور بہترین کارکردگی کا ایک نیا دور شروع ہوگا، جس سے مسافروں کا تحفظ مزید یقینی ہو جائے گا۔

(جاری ہے)

بتایا گیا ہے کہ دبئی پولیس نے ایوی ایشن سکیورٹی کو مزید سخت اور مؤثر بنانے کے لیے ایک نیا کیڈر تشکیل دیا ہے، اس نئے رول کے تحت نا صرف معائنے کے معیار کو بہتر بنایا جائے گا بلکہ بین الاقوامی سیکیورٹی قوانین کی سخت تعمیل کو بھی یقینی بنایا جائے گا، اس اقدام کے ذریعے اماراتی پیشہ ور افراد کے لیے ایک واضح کیریئر پاتھ وے بنایا گیا ہے، اہلکار تکنیکی اور سپروائزری عہدوں سے ترقی کر کے نیشنل انسپکٹر کے عہدے تک پہنچ سکیں گے۔

بتایا جارہا ہے کہ اس عہدے پر ترقی کا انحصار عملی تجربے، خصوصی تربیت، خطرات کا اندازہ لگانے کی صلاحیت اور بین الاقوامی معیار کے مطابق کارکردگی جانچنے پر ہوگا، جنرل ڈیپارٹمنٹ آف ایئرپورٹ سیکیورٹی کے ڈائریکٹر بریگیڈیئر حامد ہاشمی نے بتایا کہ یہ نیا رول محض روایتی چیکنگ تک محدود نہیں ہوگا، نیشنل انسپکٹرز پیشہ ورانہ تشخیص اور خطرے پر مبنی تجزیہ کے ذریعے آپریشنل تیاریوں کو بہتر بنائیں گے، یہ پروگرام بین الاقوامی سول ایوی ایشن آرگنائزیشن کے عالمی فریم ورک کے عین مطابق ہے، جو نظریاتی علم کو عملی آڈٹنگ کی مہارتوں کے ساتھ جوڑتا ہے۔

ہیومن ریسورس ڈیپارٹمنٹ کے ڈائریکٹر، بریگیڈیئر راشد ناصر نے اسے انسانی وسائل میں ایک طویل مدتی سرمایہ کاری قرار دیا، انہوں نے بتایا کہ دبئی سول ایوی ایشن سیکیورٹی سینٹر کے تعاون سے خصوصی ورکشاپس اور ایکریڈیشن پروگرامز شروع کیے گئے ہیں تاکہ اہلکاروں کو فیلڈ کا بہترین تجربہ فراہم کیا جا سکے، نیشنل انسپکٹرز کا کام معائنوں کی منصوبہ بندی کرنا، آپریشنل طریقہ کار کا جائزہ لینا، قوانین کی پاسداری کی تصدیق کرنا اور تفصیلی رپورٹ تیار کرنا ہوگا، اس سے ناصرف نگرانی کے نظام میں شفافیت آئے گی بلکہ فیصلہ سازی کے عمل میں بھی مدد ملے گی۔

متعلقہ عنوان :