Live Updates

ایران نے جنگ بندی کی امریکی تجویز پر پاکستان کو اپنا جواب ارسال کردیا

واشنگٹن نے حالیہ کشیدگی اور جاری جنگ کو روکنے کے لیے ایران کو ایک امن فارمولا پیش کیا تھا

Sajid Ali ساجد علی اتوار 10 مئی 2026 19:20

ایران نے جنگ بندی کی امریکی تجویز پر پاکستان کو اپنا جواب ارسال کردیا
تہران/اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 10 مئی2026ء) ایران نے جنگ بندی کی امریکی تجویز پر پاکستان کو اپنا جواب ارسال کردیا۔ ایرانی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق ایران کی جانب سے جنگ کے خاتمے کے لیے امریکہ کی طرف سے دی جانے والی تجویز پر اپنا باضابطہ جواب ثالث کا کردار ادا کرنے والے ملک پاکستان کو ارسال کر دیا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ امریکہ اور ایران کے درمیان براہِ راست سفارتی تعلقات نہ ہونے کی وجہ سے پاکستان ایک طویل عرصے سے دونوں ممالک کے درمیان پیغامات کی ترسیل اور مفاہمت کے لیے پل کا کردار ادا کر رہا ہے، واشنگٹن نے حالیہ کشیدگی اور جاری جنگ کو روکنے کے لیے ایران کو ایک امن فارمولا پیش کیا تھا، جس کا مقصد خطے میں استحکام لانا ہے، ایران نے اس تجویز کا تفصیلی جائزہ لینے کے بعد اپنا جواب تیار کیا ہے جو اب پاکستانی حکام کے حوالے کر دیا گیا ہے تاکہ اسے امریکی انتظامیہ تک پہنچایا جا سکے۔

(جاری ہے)

غیرملکی خبر ایجنسی رائٹرز نے رپورٹ کیا ہے کہ امریکی منصوبہ تین مراحل پر مشتمل ہے، پہلے مرحلے میں ایران اور امریکہ کے درمیان جنگ کے خاتمے کا باضابطہ اعلان کیا جائے گا، دوسرے مرحلے میں آبنائے ہرمز میں کشیدگی کم کرکے جہازوں کی آمدورفت بحال کی جائے گی، تیسرے مرحلے میں 30 روزہ مذاکراتی دور شروع ہوگا جس میں بڑے سیاسی اور جوہری معاملات پر بات چیت ہوگی۔

بتایا جارہا ہے کہ واشنگٹن نے ایران کے سامنے 14 نکاتی منصوبہ رکھا ہے، جس کے تحت ایران کو کم از کم 12 سال تک یورینیم افزودگی روکنے اور جوہری ہتھیار تیار نہ کرنے کی ضمانت دینا ہوگی، اس کے علاوہ ایران کو 60 فیصد افزودہ تقریباً 440 کلوگرام یورینیم بھی حوالے کرنا ہوگا، اس کے بدلے امریکہ مرحلہ وار ایران پر عائد اقتصادی پابندیاں نرم کرے گا، اربوں ڈالر کے منجمد ایرانی اثاثے بحال کیے جائیں گے اور ایرانی بندرگاہوں پر نافذ امریکی بحری ناکہ بندی ختم کی جائے گی۔

معلوم ہوا ہے کہ معاہدے پر دستخط کے 30 دن کے اندر دونوں ممالک آبنائے ہرمز کو مکمل طور پر بحال کرنے پر بھی متفق ہوسکتے ہیں، جس سے عالمی تیل سپلائی اور توانائی مارکیٹ میں استحکام آنے کی توقع ہے، یہ معاہدہ کامیاب ہونے کی صورت میں مشرق وسطیٰ میں کئی ہفتوں سے جاری کشیدگی میں نمایاں کمی آسکتی ہے اور عالمی معیشت پر پڑنے والے دباؤ میں بھی کمی کا امکان ہے۔
Live ایران امریکا کشیدگی سے متعلق تازہ ترین معلومات