ملک بھر میں 11 سے 18 مئی تک انٹرنیٹ کی رفتار سست ہونے کا امکان

انٹرنیٹ کی رفتار میں شام کے اوقات میں سست روی سب سے زیادہ متوقع ہے، جب ٹریفک کا بوجھ زیادہ ہوتا ہے؛ پی ٹی سی ایل اعلامیہ

Sajid Ali ساجد علی اتوار 10 مئی 2026 15:13

ملک بھر میں 11 سے 18 مئی تک انٹرنیٹ کی رفتار سست ہونے کا امکان
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 10 مئی2026ء) پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن کمپنی لمیٹڈ (پی ٹی سی ایل) کے صارفین کے لیے اہم خبر سامنے آئی ہے کہ ملک بھر میں آئندہ چند روز کے لیے انٹرنیٹ کی رفتار متاثر ہونے کا خدشہ ہے، جس کی وجہ بین الاقوامی سطح پر ہونے والی تکنیکی مرمت بتائی جا رہی ہے۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان کے سب سے بڑے انٹرنیٹ سروس فراہم کنندہ 'پی ٹی سی ایل' نے اپنے صارفین کو آگاہ کیا ہے کہ عالمی سب میرین کیبل میں مرمت کے کام کی وجہ سے ملک بھر میں انٹرنیٹ سروسز کے معیار میں عارضی کمی واقع ہو سکتی ہے۔

کمپنی کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ مرمت کا یہ کام 11 مئی سے شروع ہو کر 18 مئی تک جاری رہے گا، انٹرنیٹ کی رفتار میں سست روی کا سب سے زیادہ امکان شام کے اوقات میں ہے، جب ٹریفک کا بوجھ زیادہ ہوتا ہے، تاہم انٹرنیٹ کے معیار کو بہتر بنانے اور مستقبل میں سروسز کو بلا تعطل برقرار رکھنے کے لیے یہ مرمت ناگزیر ہے، اس کام کی تکمیل سے انٹرنیٹ کے معیار اور استحکام میں طویل المعیاد بنیادوں پر بہتری آئے گی۔

(جاری ہے)

اعلامیہ سے معلوم ہوا ہے کہ یہ مرمت بین الاقوامی کنسورشیم کی نگرانی میں ہو رہی ہے تاکہ عالمی سطح پر ڈیٹا کی منتقلی کو مزید محفوظ اور تیز بنایا جا سکے، انٹرنیٹ صارفین کیلئے ہے کہ وہ اہم آن لائن کاموں کے لیے متبادل انتظامات رکھیں یا ممکنہ سست روی کو مدنظر رکھتے ہوئے اپنے شیڈول ترتیب دیں، خاص طور پر شام کے اوقات میں جب سروس زیادہ متاثر ہو سکتی ہے۔