ڈبلیو ایچ او کی ایم وی ہونڈیئس کے مسافروں کو 42 روزہ قرنطینہ کی ہدایت

پیر 11 مئی 2026 08:40

جنیوا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 مئی2026ء) عالمی ادارۂ صحت (ڈبلیو ایچ او ) کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر ٹیڈروس اذانوم گریبیسس نے ہنٹا وائرس سے متاثرہ کروز شپ “ایم وی ہونڈیئس” سے نکالے گئے مسافروں کے لیے 42 روزہ قرنطینہ کی سفارش کر دی ہے۔تاس کے مطابق انہوں نے جنیوا میں بریفنگ کے دوران کہا کہ عالمی ادارۂ صحت نے 10 مئی سے متاثرہ یا ممکنہ متاثرہ افراد کے لیے 42 دن کی نگرانی اور قرنطینہ کا مشورہ دیا ہے۔

تاہم انہوں نے واضح کیا کہ ڈبلیو ایچ او صرف سفارشات جاری کرتا ہے، انہیں رکن ممالک پر نافذ نہیں کرتا۔“ایم وی ہونڈیئس” نامی کروز شپ، جس میں تقریباً 150 مسافر سوار تھے، تین ہفتے قبل ارجنٹینا کے شہر اوشوایا سے روانہ ہوئی تھی اور کینری جزائر کی جانب جا رہی تھی۔

(جاری ہے)

جہاز میں زیادہ تر امریکی، برطانوی، ہسپانوی اور ڈچ شہری سوار تھے۔ سفر کے دوران جہاز نے بحرِ اوقیانوس کے مختلف جزیروں کے قریب کئی مقامات پر قیام بھی کیا۔

رپورٹس کے مطابق جہاز پر اینڈیز ہنٹا وائرس کے پھیلاؤ کے بعد متعدد افراد متاثر ہوئے، جس کے بعد مسافروں کے انخلا اور طبی نگرانی کا عمل شروع کیا گیا۔ماہرین کے مطابق ہنٹا وائرس ایک خطرناک وائرس خاندان ہے جو شدید نوعیت کی بیماریوں، بشمول ہنٹا وائرس پلمونری سنڈروم (ایچ پی ایس ) اور گردوں سے متعلق ہیمرجک بخار (ایچ ایف آر ایس)بن سکتا ہے۔ یہ وائرس عموماً چوہوں اور دیگر کترنے والے جانوروں کے پیشاب، فضلے یا لعاب سے انسانوں میں منتقل ہوتا ہے۔