لیبیا میں ڈرون حملے میں پانچ سکیورٹی اہلکار جاں بحق

پیر 11 مئی 2026 08:52

طرابلس (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 مئی2026ء) لیبیا کے مغربی شہر الزاویہ میں ڈرون حملے کے نتیجے میں سکیورٹی فورس کے پانچ اہلکار جاں بحق جبکہ متعدد زخمی ہو گئے۔شنہوا کے مطابق لیبیا کی گورنمنٹ آف نیشنل یونٹی سے وابستہ “اینٹی سکیورٹی تھریٹس اپریٹس” نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ اہلکار جمعہ کے روز ایک مشترکہ سیکیورٹی آپریشن کے دوران نشانہ بنے۔

کارروائی جوائنٹ سکیورٹی چیمبر اور الزاویہ سکیورٹی ڈائریکٹوریٹ کی ہدایات پر کی جا رہی تھی، جبکہ اس میں پراسیکیوٹر آفس اور عدالتی اداروں کی معاونت بھی شامل تھی۔

(جاری ہے)

بیان کے مطابق سکیورٹی فورس پر ایک “انتہائی درست” مسلح ڈرون کے ذریعے حملہ کیا گیا، جس کے نتیجے میں آپریشن میں شامل کئی اہلکار موقع پر ہلاک اور دیگر زخمی ہوئے۔ تاہم حملے کی ذمہ داری کسی گروہ پر عائد نہیں کی گئی۔

حکام کا کہنا ہے کہ آپریشن کا مقصد منظم جرائم، منشیات کی اسمگلنگ، انسانی اسمگلنگ اور اغوا برائے تاوان میں ملوث عناصر کے خلاف کارروائی کرنا تھا۔واضح رہے کہ الزاویہ شہر میں حالیہ برسوں کے دوران مسلح گروہوں اور اسمگلنگ نیٹ ورکس کے خلاف کارروائیوں کے باعث سیکیورٹی کشیدگی اور جھڑپوں کے واقعات بارہا سامنے آتے رہے ہیں۔