پاک فوج وطن عزیز کی سلامتی،خودمختاری اور استحکام کی ضامن ہے،شرافت علی خلجی

پیر 11 مئی 2026 13:00

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 مئی2026ء) مرکزی سیکرٹری اطلاعات و نشریات مسلم لیگ (ن) یوتھ ونگ آزاد جموں و کشمیر شرافت علی خلجی نے یوم فتح معرکہ حق کے سلسلہ میں پاک فوج کے زیرِ اہتمام نڑول کرکٹ اسٹیڈیم میں منعقدہ دفاعی نمائش کا دورہ کیا۔اس موقع پر انہوں نے مختلف دفاعی و معلوماتی اسٹالز کا تفصیلی معائنہ کیا اور پاک فوج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں،جدید دفاعی تیاریوں اور قومی خدمات کو سراہا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شرافت علی خلجی نے کہا کہ پاک فوج وطن عزیز کی سلامتی،خودمختاری اور استحکام کی ضامن ہے،جس نے ہر مشکل گھڑی میں قوم کی امنگوں کے مطابق ملک کا دفاع کرتے ہوئے بے مثال قربانیاں پیش کیں۔ انہوں نے کہا کہ یوم فتح معرکہ حق ہمیں قومی اتحاد،جذبہ حب الوطنی اور دفاعِ وطن کے عزم کی تجدید کا پیغام دیتا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ آج کی نوجوان نسل کو چاہیے کہ وہ افواجِ پاکستان کی قربانیوں کو مشعلِ راہ بناتے ہوئے ملک کی ترقی،خوشحالی اور استحکام کے لیے مثبت کردار ادا کرے۔شرافت علی خلجی نے دفاعی نمائش کے کامیاب انعقاد پر پاک فوج اور انتظامیہ کو خراجِ تحسین بھی پیش کیا۔