اقوام متحدہ کا سوڈان میں بڑھتے ہوئے تشدد اور ڈرون حملوں سے شہری اموات میں اضافے پر تشویش کا اظہار

پیر 11 مئی 2026 16:03

اقوام متحدہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 مئی2026ء) اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے سربراہ وولکرترک نے خبردار کیا ہے کہ سوڈان میں بڑھتی ہوئی تشدد کی لہر اور ڈرون حملوں کے استعمال سے شہری اموات اور بے گھر ہونے والے افراد کی تعداد میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے۔رائٹرز کے مطابق وولکر ترک نے بیان میں کہا کہ اگر فوری اقدامات نہ کیے گئے تو سوڈان کا تنازع مزید خطرناک اور مہلک مرحلے میں داخل ہو سکتا ہے۔

اقوام متحدہ کے انسانی حقوق دفتر (اوایچ سی ایچ آر) کے اعداد و شمار کے مطابق رواں سال جنوری سے اپریل کے دوران ڈرون حملوں میں 880 شہری مارے گئےجبکہ تنازع سے متعلق مجموعی شہری اموات میں سے 80 فیصد اموات ڈرون حملوں کے باعث ہوئیں۔رپورٹ کے مطابق زیادہ تر اموات دارفور اور کردفان کے علاقوں میں ریکارڈ کی گئیں، جہاں سوڈانی فوج اور نیم فوجی تنظیم ریپڈ سپورٹ فورسز (آر ایس ایف ) کے درمیان جاری خانہ جنگی شدت اختیار کر چکی ہے۔

(جاری ہے)

اقوام متحدہ نے خبردار کیا کہ ڈرونز کے استعمال نے بارشوں میں بھی لڑائی جاری رکھنے کو ممکن بنا دیا ہے جبکہ ماضی میں اس موسم کے دوران زمینی کارروائیوں میں عارضی کمی آ جاتی تھی۔وولکر ترک نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ متحارب فریقین کو جدید ہتھیاروں، خصوصاً مسلح ڈرونز کی فراہمی روکنے کےلئے موثر اقدامات کرےتاکہ شہریوں کو مزید جانی نقصان سے بچایا جا سکے۔