Live Updates

پٹرول قیمتوں میں اضافے سے منافع کا جھانسہ، 12 ارب روپے کا مبینہ میگا سکینڈل بے نقاب

18 ویں گریڈ کے متعدد سرکاری افسران شامل، تحقیقات میں 20 سے زائد کمپنیوں، مشکوک پراپرٹی ٹرانسفرز اور مبینہ منی لانڈرنگ کے شواہد سامنے آئے، رقوم سعودی عرب اور سپین منتقل کیے جانے کی تحقیقات جاری

Sajid Ali ساجد علی پیر 11 مئی 2026 17:34

پٹرول قیمتوں میں اضافے سے منافع کا جھانسہ، 12 ارب روپے کا مبینہ میگا ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 11 مئی2026ء) وفاقی دارالحکومت میں 12 ارب روپے کا مبینہ سکینڈل سامنے آیا ہے، جس نے سرکاری حلقوں اور کاروباری دنیا میں کھلبلی مچا دی۔ اے بی این نیوز کے بیورو چیف زمان مغل کی رپورٹ کے مطابق وفاقی دارالحکومت میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے سے بھاری منافع کا جھانسہ دے کر شہریوں سے اربوں روپے بٹورنے کا مبینہ سکینڈل منظرِ عام پر آیا ہے، ابتدائی تحقیقات میں اس نیٹ ورک کے تانے بانے سرکاری افسران اور بین الاقوامی منی لانڈرنگ سے جڑتے دکھائی دے رہے ہیں، اس بڑے مالیاتی فراڈ میں 18 ویں گریڈ کے کئی سرکاری افسران اور معروف پیٹرول پمپ مالکان کے ملوث ہونے کے شواہد ملے ہیں۔

رپورٹ میں ذرائع کا کہنا ہے کہ سرمایہ کاروں کو پٹرول کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کا لالچ دے کر پٹرولیم سٹاک میں سرمایہ کاری پر آمادہ کیا گیا، سرمایہ کاروں کو یقین دلایا گیا کہ قیمتیں بڑھنے پر انہیں غیر معمولی منافع ملے گا، ابتدائی طور پر کچھ رقم دے کر اعتماد جیتا گیا، لیکن جلد ہی ادائیگیاں روک دی گئیں اور سرمایہ کاروں کے اربوں روپے ڈوب گئے، اس اسکینڈل کے مرکزی کردار کے طور پر عادل اکرام نامی شخص کا نام سامنے آیا ہے۔

(جاری ہے)

بتایا گیا ہے کہ ملزم کے خلاف اسلام آباد کے مختلف تھانوں میں متعدد ایف آئی آرز درج کی جا چکی ہیں، کیس کی تحقیقات کے دوران 20 سے زائد مشکوک کمپنیوں کا سراغ ملا ہے جو اس نیٹ ورک کو چلانے کے لیے استعمال کی جا رہی تھیں، 18 ویں گریڈ کے کئی افسران پر الزام ہے کہ انہوں نے اپنے اختیارات کا ناجائز استعمال کرتے ہوئے اس نیٹ ورک کو تحفظ فراہم کیا، اسکینڈل کی گہرائی کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ رقم صرف ملک کے اندر نہیں رہی تحقیقاتی اداروں کو شواہد ملے ہیں کہ لوٹی گئی رقوم سعودی عرب اور سپین منتقل کی گئی۔

یہ بھی بتایا جارہا ہے کہ نیٹ ورک میں شامل افراد کی جانب سے بڑے پیمانے پر مشکوک پراپرٹی ٹرانسفرز کے ریکارڈ بھی قبضے میں لے لیے گئے ہیں، قانون نافذ کرنے والے ادارے منی لانڈرنگ اور بڑے پیمانے پر ہونے والے اس فراڈ کی تحقیقات کر رہے ہیں، متاثرین کی ایک بڑی تعداد انصاف کے لیے حکام سے رجوع کر رہی ہے، جبکہ ملوث افسران اور دیگر کرداروں کے گرد گھیرا تنگ کیا جا رہا ہے۔
Live پیٹرول کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ سے متعلق تازہ ترین معلومات