وزارت اطلاعات و نشریات نے معرکہ حق کی تاریخی کامیابی کا ایک سال مکمل ہونے پر خصوصی نغمہ جاری کر دیا

پیر 11 مئی 2026 17:11

وزارت اطلاعات و نشریات نے معرکہ حق کی تاریخی کامیابی کا ایک سال مکمل ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 مئی2026ء) وزارت اطلاعات و نشریات نے معرکہ حق کی تاریخی کامیابی کا ایک سال مکمل ہونے پر قومی جذبے سے بھرپور خصوصی نغمہ جاری کر دیا۔ معروف گلوکار شیراز اپل کی آواز میں اس نغمے کے بول ’’بنیان مرصوص ۔ ہمیشہ تیار ہیں ہم‘‘ ہیں۔ ملی نغمے میں 10 مئی کو پاکستان مونومنٹ میں منعقدہ معرکہ حق کی مرکزی تقریب کے دلکش مناظر شامل کئے گئے ہیں۔

نغمے میں صدر مملکت آصف علی زرداری، وزیراعظم محمد شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سمیت اعلی سول و عسکری حکام، کابینہ کے ارکان اور اہم سیاسی و سماجی شخصیات کی معرکہ حق کی مرکزی تقریب میں شرکت کے مناظر بھی شامل ہیں جبکہ تینوں مسلح افواج کے چاق و چوبند دستوں کی پریڈ کے مناظر کو بھی نغمے میں نمایاں انداز میں عکسبند کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

اس خصوصی نغمے میں قومی یکجہتی، دفاع وطن کے عزم اور مسلح افواج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو اجاگر کیا گیا ہے۔ نغمے کی عکسبندی میں معرکہ حق کی مرکزی تقریب میں شریک عوام کے والہانہ جذبات کی جھلکیاں بھی شامل ہیں۔ نغمے میں معرکہ حق کی کامیابی کو قومی تاریخ کا اہم باب قرار دیتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا گیا ہے کہ پاکستان کی مسلح افواج اور پوری قوم وطن عزیز کے دفاع کیلئے ہمیشہ تیار ہیں۔