مراد سعید طویل روپوشی کے بعد منظر عام پر آگئے، انٹرویو میں کئی انکشافات

کچھ عرصہ گلگت بلتستان میں گزارا، زمان پارک میں بھی رہا، عمران خان نے 5 آگست کو گرفتاری سے قبل مجھے پیغام بھیجا اور کہا ملک سے نکل سکتے ہو تو نکل جاؤ، تمہاری جان کو خطرہ ہے؛ پی ٹی آئی رہنماء کی گفتگو

Sajid Ali ساجد علی پیر 11 مئی 2026 17:14

مراد سعید طویل روپوشی کے بعد منظر عام پر آگئے، انٹرویو میں کئی انکشافات
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 11 مئی2026ء)  پاکستان تحریک انصاف کے رہنماء سابق وفاقی وزیر مراد سعید طویل روپوشی کے بعد منظر عام پر آگئے اور پہلے انٹرویو میں کئی انکشافات کردیئے۔ سابق مشیر احتساب شہزاد اکبر کو انٹرویو دیتے ہوئے مراد سعید نے بتایا کہ عمران خان کے ساتھ جوڈیشل کمپلیکس واقعے کے بعد میں خالد خورشید کے ساتھ گلگت بلتستان چلا گیا، وہاں کچھ عرصہ نکالا، پھر میں زمان پارک لاہور آیا جہاں عمران خان نے قاسم خان اور سلیمان خان کا کمرہ میرے لیے تیار کروایا، میں وہاں رہنے لگ گیا مجھے عمران خان نے سختی سے منظر عام پر آنے سے روک دیا، عمران خان نے سکیورٹی کے لوگوں کو کہا اس کو کارکنان کے پاس کیمپس میں بھی مت جانے دو اور پھر پھر ایک وقت آیا جب عمران خان اور بشری بی بی نے مجھے دعائیں اور ایک تسبیح دے کر روانہ کر دیا، عمران خان نے مجھے زمان پارک سے روانہ کرتے وقت نہایت سخت ہدایات دی تھیں کہ منظر عام پر نہیں آنا، کسی خبر پر بھی یقین نہیں کرنا۔

(جاری ہے)

سابق وفاقی وزیر نے یہ بھی کہا کہ عمران خان نے 5 آگست کو گرفتاری سے قبل مجھے پیغام بیجھا اور کہا ملک سے نکل سکتے ہو تو نکل جاؤ یہ لمبا چلے گا، ارشد شریف کے معاملے کے سبب عمران خان نے کہا بیرون ملک بھی اپنی حفاظت کرنا، تمہاری جان کو خطرہ ہے، میرے ٹویٹس پر مجھے پیغام بیجھا گیا تھا کہ ٹویٹر کا استعمال احتیاط سے کرو، 5 اگست کو عمران خان کی گرفتاری کے وقت مجھے احکامات پہنچائے گئے کہ جذباتی نہیں ہونا، کچھ دنوں بعد احتجاجی تحریک شروع کر کے انتخابات تک معاملے کو کھینچنا ہے اور پھر انتخابات میں قوم خود فیصلہ کرے گی اور بلکل انتخابات میں ویسا ہی ہوا، میں نے انتخابات کے بعد عمران خان کو 3 مرتبہ پیغام بیجھا کہ اب بس ہو گئی ہے، میں اب آ رہا ہوں، جس پر عمران خان نے ٹویٹ کے ذریعے مجھے سختی سے ایک مرتبہ پھر روک دیا۔

ان کا کہنا ہے کہ 9 مئی سازش تھی، لندن پلان کے تحت عمران خان کی حکومت کو گرایا گیا، عمران خان کو راستے سے ہٹانا مقصود تھا اسی لیے ان پر قاتلانہ حملہ کیا گیا، 9 مئی تحریک انصاف کے خلاف سازش تو تھی ہی لیکن پاکستان کے خلاف بھی سازش تھی، لندن پلان کے تحت جب 9 مئی فالس فلیگ آپریشن ہوا تو اس کے بعد امریکی مفادات کے تحت افغان پالیسی تبدیل کردی گئی، ہم نے 2 بار دہشتگردوں کو ناکام بنایا لیکن ٹرمپ نے جب اپنی الیکشن مہم میں بگرام ایئر بیس کی بات کی تو ہمارے کچھ لوگ وہاں گئے اور وعدے کر آئے۔

پی ٹی آئی رہنماء کہتے ہیں کہ یہ فارم 47 کی جعلی اسمبلی اور جعلی وزیر اعظم ہے، کیا غزہ کے لیے ہونے والے فیصلوں پر پارلیمنٹ کو اعتماد میں لیا گیا؟ اراکین اسمبلی کو اسمبلی کے اندر سے اٹھایا جاتا ہے اس لیے اس نظام کی کوئی وقعت نہیں، اس نظام کو ایک بار ایکسپوز ہونا تھا، تب ہی اس ملک میں ریفارمز آئیں گی، اس وقت عمران خان قانون و آئین کی حکمرانی کا کہتے ہیں، ہائبرڈ رجیم میں اس وقت پاکستان میں مارشل لاء پلس ہے، ایسا پاکستان کی تاریخ میں کبھی نہیں ہوا۔