میکسیکو کا کیوبا کے لیے انسانی امداد پر مشتمل پانچواں بحری جہاز روانہ

منگل 12 مئی 2026 09:12

میکسیکو سٹی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 مئی2026ء) میکسیکو کی صدر کلاڈیا شینبام نے اعلان کیا ہے کہ ان کا ملک کیوبا کے عوام کو اشیائے ضروریہ کی بڑھتی ہوئی قلت کے پیش نظر انسانی امداد پر مشتمل پانچواں بحری جہاز روانہ کر رہا ہے۔العربیہ کے مطابق پریس کانفرنس کے دوران صدر شینبام نے 1962 سے کیوبا پر عائد امریکی اقتصادی، تجارتی اور مالی پابندیوں کی مخالفت کا اعادہ کیا۔

انہوں نے کہاکہ ہم انسانی امداد بھیجنے کا سلسلہ جاری رکھیں گے۔ آج ایک اور جہاز کیوبا کے لیے روانہ ہو رہا ہے۔

(جاری ہے)

میکسیکو ہمیشہ دنیا کے تمام ممالک اور خاص طور پر کیوبا کے ساتھ بھائی چارے اور یکجہتی کا مظاہرہ کرتا رہے گا۔صدر کلاڈیا شینبام کے مطابق امدادی سامان میں تیل شامل نہیں کیونکہ روس پہلے ہی کیوبا کو تیل فراہم کر رہا ہے۔ میکسیکو بنیادی اشیائے ضروریہ کی قلت کو کم کرنے کے لیے دیگر ضروری سامان مہیا کر رہا ہے۔رپورٹس کے مطابق حالیہ ہفتوں میں امریکی حکومت نے کیوبا کے خلاف پابندیاں مزید سخت کرنے کے لیے دو ایگزیکٹو آرڈرز جاری کیے ہیں، جن کے تحت ایندھن کی فراہمی محدود کرنے اور کئی کیوبن کمپنیوں پر پابندیاں عائد کی گئی ہیں۔

متعلقہ عنوان :