معرکہ ء حق کی تاریخی کامیابی کی سالگرہ پر ضلع نیلم میں تقریری مقابلے

منگل 12 مئی 2026 16:10

نیلم (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 مئی2026ء) معرکہ حق اور آپریشن‘‘بنیانٌ مرصوص’’کی تاریخی کامیابی کو ایک سال مکمل ہونے پر ضلعی ایلیمنٹری بورڈ نیلم کے زیرِ اہتمام ایک شاندار تقریری مقابلے کا انعقاد کیا گیا، تقریری مقابلے میں ضلع بھر سی25 طلبا و طالبات نے شرکت کی۔ مقابلے میں پنجم، ششم، ہشتم اور نہم جماعت کے طلبہ نے پاکستان اور بھارت کے درمیان ہونے والی جنگوں بالخصوص 10 مئی 2025 کے معرکہ حق آپریشن بنیانٌ مرصوص پر مدلل اورپُرجوش تقاریر پیش کیں۔

تقریری مقابلہ دو اہم موضوعات‘‘نگاہِ مردِ مومن سے بدل جاتی ہیں تقدیریں ’’اور‘‘رزمِ حق و باطل ہو تو فولاد ہے مومن’’کے تحت منعقد ہوا، جہاں طلبہ نے قومی جذبے، افواجِ پاکستان کی قربانیوں، قومی یکجہتی اور پاکستان کی کامیاب سفارت کاری کو زبردست انداز میں خراجِ تحسین پیش کیا۔

(جاری ہے)

تقریب کے مہمانِ خصوصی منیجنگ ڈائریکر القلم ایجوکیشن آزاد کشمیر شبیر احمد تابانی تھے جبکہ صدارت ڈسٹرکٹ ایجوکیشن ٓفیسر نسواں شیماء میر نے کی۔

تقریب سے چیئرمین ضلعی ایلیمنٹری تعلیمی بورڈ شیخ احسان الحق، ڈاکٹر کیپٹن رضا علی، راجہ داؤد خان، چوہدری امجد ایوب، ملک ظہور احمد، خواجہ غلام رسول، میڈم نوریہ فاطمہ، سید طارق رشید، اسلم رضا خواجہ، آفتاب حسین تبسم، مدثر خان ایڈووکیٹ، خواجہ طارق شفیع، ظہیر اعوان اور دیگر مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ افواجِ پاکستان نے معرکہ حق اور آپریشن بنیانٌ مرصوص میں بے مثال حکمتِ عملی، جرات اور پیشہ وارانہ مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے دشمن کے غرور کو خاک میں ملا دیا۔

مقررین نے کہا کہ نوجوان نسل میں حب الوطنی، شعوری بیداری، تقریری صلاحیتوں اور مثبت فکری رجحانات کے فروغ کے لیے اس نوعیت کی تقریبات نہایت اہم کردار ادا کرتی ہیں۔ انہوں نے ضلعی ایلیمنٹری تعلیمی بورڈ نیلم کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ تعلیمی ادارے صرف نصابی سرگرمیوں تک محدود نہیں بلکہ قومی نظریے، فکری تربیت اور قیادت سازی میں بھی کلیدی کردار ادا کر رہے ہیں۔

تقریب کے انعقاد میں پاک آرمی، ESLA اکیڈمی، کمز کالج، نمز کالج، سہارا فاؤنڈیشن، پیراماؤنٹ ایجوکیشن سسٹم، ملین سمائلز فاؤنڈیشن اور القلم کالج سمیت مختلف اداروں نے بھرپور تعاون کیا۔ چیئرمین ضلعی ایلیمنٹری بورڈ شیخ احسان الحق نے اپنے خطاب میں کہا کہ بورڈ نوجوان نسل کی علمی، ادبی اور تخلیقی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کے لیے مسلسل سرگرم عمل ہے اور آئندہ ماہ مضمون نویسی کے مقابلوں اور سپورٹس گالا کا انعقاد بھی کیا جائے گا۔

تقریری مقابلے میں ججز کے فرائض معروف قانون دان خواجہ اسلم رضا، خواجہ غلام رسول اور ثقلین میر نے انجام دیے۔ جونیئر کیٹیگری میں محمد ذیشان، مناہل احسان اور اعظم رفیق جبکہ سینئر کیٹیگری میں حماد رویس، مستبشرہ مجیب، سدرہ مختیار، کاشف حق نواز اور طیبہ ساجد نے نمایاں پوزیشنیں حاصل کیں۔اختتام پر مہمانانِ تقریب نے پوزیشن ہولڈر طلبا و طالبات، تعلیمی اداروں کے سربراہان اور معاون تنظیموں میں شیلڈز، میڈلز اور نقد انعامات تقسیم کیے۔

تقریب میں ڈپٹی ایجوکیشن آفیسر سردار تبسم، اسسٹنٹ ایجوکیشن آفیسرز صادق رشید لون، خواجہ منشاء انجم، اعجاز حیدر اعوان سمیت مختلف تعلیمی اداروں کے سربراہان، طلبہ و طالبات اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ضلعی ایلیمنٹری بورڈ کے سیکرٹری رانا سلطان احمد، ملک ظہور اعوان، ملک احتشام الحق، اکرم میر، ملک نثار اور دیگر اسٹاف نے پروگرام کی کامیابی کے لیے بھرپور محنت اور جانفشانی سے فرائض سرانجام دیے۔

مقررین نے کہاکہ آج ہم ایک ایسے تاریخی موقع پر جمع ہیں جہاں ہم معرکہ حق اور آپریشن بنیانٌ مرصوص کی عظیم کامیابی کو خراجِ تحسین پیش کر رہے ہیں۔ یہ صرف ایک عسکری کامیابی نہیں بلکہ قومی اتحاد، ایمانی قوت، حکمتِ عملی اور قربانیوں کی روشن داستان ہے۔پاکستان ہمیشہ امن کا داعی رہا، مگر جب بھی دشمن نے ہماری خودمختاری، سلامتی اور وقار کو چیلنج کیا تو افواجِ پاکستان نے پوری قوم کی امنگوں کی ترجمانی کرتے ہوئے دشمن کو منہ توڑ جواب دیا۔

آپریشن بنیانٌ مرصوص اسی عزم، حوصلے اور پیشہ وارانہ مہارت کا عملی اظہار تھا، جس نے دنیا پر واضح کر دیا کہ پاکستان کی دفاعی صلاحیت ناقابلِ تسخیر ہے۔معرکہ حق نے ہمیں یہ سبق دیا کہ قومیں صرف ہتھیاروں سے نہیں بلکہ ایمان، اتحاد، نظم و ضبط اور قومی شعور سے مضبوط بنتی ہیں۔ ہمارے نوجوان اس قوم کا سرمایہ ہیں، اور آج کے یہ تقریری مقابلے اس بات کا ثبوت ہیں کہ نئی نسل وطنِ عزیز سے بے پناہ محبت رکھتی ہے۔

افواجِ پاکستان نے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرکے وطن کے دفاع کو یقینی بنایا۔ ہمارے شہداء پوری قوم کا فخر ہیں اور ان کی قربانیاں ہمیشہ تاریخ کے سنہری اوراق میں لکھی جائیں گی۔ آج ہم ان شہداء کو سلام پیش کرتے ہیں جنہوں نے اپنے خون سے اس دھرتی کی حفاظت کی۔میں ضلعی ایلیمنٹری تعلیمی بورڈ نیلم کو خراجِ تحسین پیش کرتا ہوں کہ انہوں نے نوجوان نسل میں حب الوطنی، تقریری صلاحیت اور شعوری بیداری پیدا کرنے کے لیے اس شاندار پروگرام کا انعقاد کیا۔

ایسے علمی و فکری مقابلے طلبہ کی کردار سازی اور قومی تعمیر میں بنیادی کردار ادا کرتے ہیں۔آج ہمیں عہد کرنا ہوگا کہ ہم تعلیم، اتحاد، کردار اور محنت کو اپنا شعار بنائیں گے اور پاکستان کو ترقی، استحکام اور خوشحالی کی منزل تک پہنچانے میں اپنا مثبت کردار ادا کریں گے۔اللہ تعالیٰ ہمارے وطنِ عزیز پاکستان کو ہمیشہ قائم و دائم رکھے۔