صوبائی صنعت و تجارت پنجاب کی زیر صدارت پنجاب سمال انڈسٹریز کارپوریشن کا 135واں بورڈ اجلاس

منگل 12 مئی 2026 16:31

صوبائی صنعت و تجارت پنجاب  کی زیر صدارت پنجاب سمال انڈسٹریز کارپوریشن ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 مئی2026ء) صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین کی زیر صدارت پنجاب سمال انڈسٹریز کارپوریشن کا 135واں بورڈ اجلاس منعقدہوا۔پیسک ہاو س میں منعقدہ اجلاس میں 8 نکاتی ایجنڈے پر غور کیا گیا۔ترجمان کےمطابق ایم ڈی پیسک مبین الہی نے ایجنڈا آئٹمز بارے تفصیلی بریفنگ دی۔بورڈ نے3 .1 ارب روپے کے حکومتی قرضے کی واپس ادائیگی کی منظوری دی۔

بورڈ نے 20 سمال انڈسٹریل اسٹیٹس میں سروے کے نتیجے میں نکلنے والے 403 اضافی پلاٹس فروخت کرنے کی بھی منظوری دی،ان پلاٹوں کی فروخت سے 11 ارب 22 کروڑ روپے حاصل ہونے کا تخمینہ ہے جس سے انڈومنٹ فنڈ بنایا جائے گا۔بورڈ نے پیسک کی ناکارہ پراپرٹیز کی نیلامی کے شیڈول کی بھی منظوری دے دی۔سمال انڈسٹریل اسٹیٹ منڈی بہائو الدین کا ریوائز پی سی ون بھی منظور کیاگیا۔

(جاری ہے)

پنجاب سمال انڈسٹریز کارپوریشن کیلئے فنانشیل ایڈوائزری سروسز کے حصول کی بھی منظوری دی گئی، جس کے تحت پیسک فنانشیل ایڈوائزر کی تقرری عمل میں لائی جائے گی۔اجلاس میں پنجاب سمال انڈسٹریز کارپوریشن ایکٹ 1973میں ترامیم کی تجاویز کا بھی جائزہ لیا گیا۔ترمیمی بل کی کابینہ اور پنجاب اسمبلی سے منظوری کے بعد پنجاب سمال انڈسٹریز کارپوریشن کے دائرہ کار میں وسعت آئے گی۔

پنجاب کی 23 سمال انڈسٹریل اسٹیٹس میں عدم دستیاب سہولیات کی فراہمی کے پروگرام کی مانیٹرنگ کیلئے مو ثر مانیٹرنگ کمیٹی بنانے کا فیصلہ کیاگیا۔اجلاس کو سمال انڈسٹریل اسٹیٹ قائد آباد کے قیام کے حوالے سے سول ورک پر پیش رفت سے آگاہ کیا گیا۔صوبائی وزیر صنعت و تجارت نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ پنجاب کی 23 سمال انڈسٹریل اسٹیٹس میں عدم دستیاب سہولیات کی فراہمی کا بڑا پروگرام شروع کیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب کی ہدایت پر پنجاب میں کاروباری سرگرمیوں کیلئے سازگار ماحول فراہم کیا گیا ہے۔چوہدری شافع حسین نے کہاکہ صنعتی مراکز کی 100فیصد کالونائزیشن حکومت کی پالیسی ہے،جتنے کارخانے لگیں گے روزگار کے اتنے ہی مواقع بڑھیں گے۔قائد آباد میں نئی انڈسٹریل اسٹیٹ بن رہی ہے جہاں پنک سالٹ کی ویلیو ایڈیشن کے کارخانے لگیں گے۔

صوبائی وزیرصنعت و تجارت نے پیسک کے ریجنل ڈائریکٹرز کو پوری طرح متحرک کرنے اور سمال انڈسٹریل اسٹیٹس کے ماسٹر پلانز کو اپ گریڈ کرنے کی ہدایت کی۔ایم ڈی پیسک مبین الہی نے بتایا کہ تمام سمال انڈسٹریل اسٹیٹس کا ٹوپو گرافک سروے جاری ہے،پیسک کی گاڑیوں کو الیکٹرک وہیکلز میں تبدیل کرنے کے پروگرام پر بھی کام کیا جارہا ہے۔سیکرٹری انڈسٹریز عمر مسعود،پیسک کے ڈائریکٹرز اور بورڈ ممبران نے اجلاس میں شرکت کی۔