ملک میں سونے کی قیمت میں ہزاروں روپے کا اضافہ ہوگیا، خریداروں نے سر پکڑ لئے

منگل 12 مئی 2026 17:26

ملک میں سونے کی قیمت میں ہزاروں روپے کا اضافہ ہوگیا، خریداروں نے سر ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 مئی2026ء) ملک میں سونے کی قیمت میں ہزاروں روپے کا اضافہ ہوگیا، خریداروں نے سر پکڑ لیے۔صرافہ ایسوسی ایشن نے بتایا کہ پاکستان میں فی تولہ سونے کی قیمت میں 4100 روپے اضافہ ہوگیا، جس کے بعد فی تولہ سونے کی قیمت 4 لاکھ 92 ہزار 462 روپے ہوگئی۔اسی طرح دس گرام سونے کا بھاؤ 3515 روپے اضافے سے 4 لاکھ 22 ہزار 206 روپے ہوگیا۔

عالمی مارکیٹ میں سونا 41 ڈالراضافے کے بعد 4701 فی اونس کا ہوگیا جبکہ سونے کے ساتھ ساتھ چاندی کی قیمت میں بھی اضافے کا رجحان رہا، چاندی کی فی تولہ قیمت 395 روپے اضافے کے بعد 8908 روپے ہوگئی۔ماہرین کے مطابق عالمی معاشی غیر یقینی صورتحال اور سرمایہ کاروں کی محفوظ سرمایہ کاری کی طرف رجحان کے باعث سونے کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ دیکھا جا رہا ہے، جس کا اثر مقامی مارکیٹ پر بھی پڑ رہا ہے۔

(جاری ہے)

سونا خریدنا روایتی طور پر محفوظ سرمایہ کاری سمجھا جاتا ہے جس کی قیمت افراط زر، سیاسی اور معاشی عدم استحکام کے اوقات میں بڑھ جاتی ہے۔ اسے صدیوں سے کرنسی اور دولت کی شکل کے طور پر استعمال کیا جاتا رہا ہے، جب سرمایہ کار دوسرے اثاثوں کے بارے میں غیر یقینی محسوس کرتے ہیں، تو وہ اکثر سونا خریدے ہیں۔پاکستان میں گزشتہ برس سونے کی قیمت کے تعین کے طریقہ کار میں تبدیلی کر دی گئی تھی، جس کے تحت سونے کی قیمت انٹرنیشنل مارکیٹ ریٹ سے 20 ڈالر فی اونس زیادہ مقرر کی گئی۔