پاکستان سٹاک ایکسچینج میں تیزی کا رجحان، 100 انڈیکس میں ایک ہزار سے زائد پوائنٹس کااضافہ

منگل 12 مئی 2026 15:02

پاکستان سٹاک ایکسچینج   میں تیزی کا رجحان، 100 انڈیکس میں ایک ہزار سے ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 مئی2026ء) پاکستان سٹاک ایکسچینج میں کاروباری ہفتے کے دوسرے روز کاروبار کے آغاز پر مثبت رجحان دیکھنے میں آیا، جہاں سرمایہ کاروں کے اعتماد میں اضافے کے باعث مارکیٹ میں نمایاں تیزی ریکارڈ کی گئی۔کاروبار کے ابتدائی اوقات میں پاکستان سٹاک مارکیٹ کا ہنڈرڈ انڈیکس ایک ہزار سے زائد پوائنٹس بڑھ کر ایک لاکھ 71 ہزار 571 پوائنٹس کی سطح تک پہنچ گیا۔

مارکیٹ میں خریداری کے رجحان کے باعث مختلف شعبہ جات کے شیئرز میں بھی بہتری دیکھی گئی۔واضح رہے کہ گزشتہ کاروباری روز ہنڈرڈ انڈیکس 609 پوائنٹس کی کمی کے ساتھ ایک لاکھ 70 ہزار 506 پوائنٹس پر بند ہوا تھا، تاہم نئے کاروباری روز کے آغاز پر مارکیٹ نے مثبت سمت اختیار کر لی۔ماہرین کے مطابق سرمایہ کاروں کے اعتماد میں بحالی، معاشی اشاریوں میں بہتری اور کاروباری سرگرمیوں میں اضافے کے باعث سٹاک مارکیٹ میں تیزی کا رجحان برقرار رہنے کی توقع ہے۔

(جاری ہے)

دوسری جانب ایشیائی سٹاک مارکیٹوں میں ملا جلا رجحان برقرار ہے۔جاپان کے نکی انڈیکس میں تقریباً ایک فیصد کا اضافہ ہوا، تھائی لینڈ سیٹ انڈیکس میں بھی 0.40 فیصد کی تیزی دیکھنے میں آئی، جبکہ ہانگ کانگ کے ہینگ سینگ انڈیکس میں بھی معمولی اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔اس کے علاوہ جنوبی کوریا کے کوسپی انڈیکس میں 1.72 فیصد کی مندی، انڈونیشیا کے جکارتہ کمپوزٹ انڈیکس میں ایک فیصد کی کمی جبکہ چین کے شنگھائی کمپوزٹ انڈیکس میں 0.40 فیصد گراوٹ دیکھی گئی۔