Live Updates

پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ریکارڈ اضافے نے صنعتی شعبے کی کمر توڑ دی ہے، فباٹی

ہفتہ 9 مئی 2026 20:15

پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ریکارڈ اضافے نے صنعتی شعبے کی کمر توڑ ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 مئی2026ء) فیڈرل بی ایریا ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری (فباٹی)کے صدر شیخ تحسین نے کہا ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ریکارڈ اضافے نے صنعتی شعبے کی کمر توڑ دی ہے۔شیخ تحسین نے کہاکہ سری لنکا، بنگلہ دیش اور ویتنام سمیت دیگر ایشیائی ممالک میں پیٹرولیم قیمتوں میں معمولی اضافہ ہوا ہے جبکہ پاکستان میں صورتحال اس کے برعکس ہے جہاں قیمتوں میں مسلسل اور غیر معمولی اضافہ کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت اور آئی ایم ایف کے مابین پیٹرولیم لیوی معاہدے نے صنعتوں کو تباہی سے دوچار کردیا ہے، حکومت پیٹرولیم لیوی کی مد میں تقریباً 160روپے وصول کررہی ہے۔ پیٹرولیم لیوی میں تسلسل سے اضافہ کرکے مزید 29روپے 92پیسے بڑھا دیے گئے ہیں۔

(جاری ہے)

فباٹی صدر نے کہاکہ توانائی کی قیمتوں میں مسلسل اضافے نے پیداواری لاگت کو خطرناک حد تک بڑھا دیا ہے، حکومت تیل کی قیمتوں میں ٹیکس مسلسل بڑھا کر قیمتوں کو بلند ترین سطح پر پہنچا چکی ہے، ڈیزل کی قیمت 93فیصد بڑھنے سے ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں 40فیصد اضافہ ہوگیا ہے۔

شیخ تحسین نے کہا کہ پیٹرولیم قیمتوں کا حالیہ اضافہ آئندہ دنوں میں مہنگائی کی شرح کو نئی بلندیوں تک پہنچائے گا۔ فیکٹریاں بندش کی جانب گامزن ہورہی ہیں اور پاکستانی مصنوعات کی برآمدی سرگرمیاں تنزلی سے دوچار ہوگئی ہیں۔ شیخ تحسین نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ آئی ایم ایف سے موثر مذاکرات کیے جائیں تاکہ صنعتی شعبے کو مزید نقصان سے بچایا جا سکے۔
Live پیٹرول کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ سے متعلق تازہ ترین معلومات