ایس آئی ایف سی کے تحت جنوبی بلوچستان کے نو منتخب ضلع تمپ میں ترقی کے ایک نئے باب کا آغاز

منگل 12 مئی 2026 14:56

ایس آئی ایف سی کے تحت جنوبی بلوچستان کے نو منتخب ضلع تمپ میں ترقی کے ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 مئی2026ء) ایس آئی ایف سی کے تحت جنوبی بلوچستان کے نو منتخب ضلع تمپ میں ترقی کے ایک نئے باب کا آغاز ہو گیا۔ ضلع کا درجہ ملنے کے بعد تمپ میں پہلی تاریخی کھلی کچہری منعقد کی گئی، جس میں عوامی مسائل، ترقیاتی منصوبوں اور بنیادی سہولیات کی فراہمی پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔کھلی کچہری کی صدارت ایف سی بلوچستان (ساؤتھ) مند ملیشیاء کے کمانڈنٹ نے کی، جبکہ اس موقع پر نئے تعینات ہونے والے ڈپٹی کمشنر، ڈی پی او، ضلعی انتظامیہ کے افسران اور عوامی نمائندوں نےشرکت کی۔

(جاری ہے)

تقریب کا مقصد ضلع بننے کے بعد تمپ کو درپیش مسائل کا جائزہ لے کر ان کے حل کے لیے موثر اقدامات کو یقینی بنانا تھا۔تقریب کے دوران بلوچستان سپیشل ڈویلپمنٹ انیشیٹو کے تحت جاری ترقیاتی منصوبوں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی، جبکہ زراعت کے شعبے کی بہتری اور کسانوں کی خوشحالی کے لیے گرین پاکستان انیشیٹو کے تحت چیک بھی تقسیم کیے گئے۔مقامی عوام نے حکومتِ بلوچستان کے اس تاریخی فیصلے کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ ضلع کا درجہ ملنے سے نہ صرف انتظامی امور میں بہتری آئے گی بلکہ علاقے میں ترقی، روزگار اور بنیادی سہولیات کی فراہمی کے نئے مواقع بھی پیدا ہوں گے۔