گورنر گلگت بلتستان نے مختلف شعبوں میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنیوالے 6افراد کو سول اعزازات سے نواز دیا

بدھ 13 مئی 2026 19:40

گلگت(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 مئی2026ء) گورنر گلگت بلتستان سید مہدی شاہ نے صدر مملکت کی جانب سے مختلف شعبوں میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنیوالے 6افراد کو سول اعزازات سے نواز دیا ۔ اس حوالے سے بدھ کو گورنر ہائوس میں پروقار تقریب کا انعقاد ہوا ۔تقریب میں تعلیم، فنون، سماجی خدمات اور نعت خوانی کے شعبوں میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے 6افراد کو اعزازات دیئے گئے۔

ڈاکٹر مولا داد شفع کو شعبہ تعلیم میں بہترین خدمات کے اعتراف میں تمغہ امتیاز سے نوازا گیا۔ معروف ننھے نعت خواں مرحوم خواجہ علی کاظم کو نعت خوانی میں نمایاں خدمات پر بعد از مرگ صدارتی ایوارڈ برائے حسنِ کارکردگی عطا کیا گیا، جو ان کے والد خواجہ نذیر نے وصول کیا۔ اسی طرح غلام نبی شگری کو تعلیمی اور فلاحی خدمات کے اعتراف میں تمغہ امتیاز دیا گیا، جبکہ عمران اللہ ہنزئی کو فنونِ لطیفہ میں نمایاں خدمات پر صدارتی تمغہ امتیاز سے نوازا گیا۔

(جاری ہے)

.پروفیسر محمد امین ضیا کو تعلیم، ادب اور علمی میدان میں گراں قدر خدمات پر تمغہ امتیاز کا اعزاز دیا گیا۔ تقریب کی ایک نمایاں شخصیت مس تسنیم زہرا بھی تھیں، جو کم عمری میں پولیو کے باعث معذوری کا شکار ہوئیں، مگر اس کے باوجود انہوں نے ہمت نہ ہاری اور سماجی خدمات کا سلسلہ جاری رکھا۔ انہوں نے 100سے زائد خصوصی خواتین کو بااختیار بنانے اور ان کی ذہنی تربیت میں اہم کردار ادا کیا، جس کے اعتراف میں انہیں بھی صدارتی تمغہ امتیاز سے نوازا گیا۔

تقریب میں گورنر گلگت بلتستان کے علاوہ مختلف سرکاری اداروں کے سربراہان، معززینِ علاقہ اور اعزازات حاصل کرنے والی شخصیات کے اہلِ خانہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ تقریب کے اختتام پر گورنر سید مہدی شاہ نے تمام اعزاز یافتگان کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ شخصیات قوم کا فخر ہیں اور ان کی خدمات دوسروں کیلئے مشعل راہ ہیں ۔