آزاد کشمیر ہو یا پاکستان، ترقی کی واحد علامت اور ضمانت صرف نواز شریف ہیں، بلال اظہر کیانی

پاکستان ہو یا آزاد کشمیر، گزرے کل کی طرح آج بھی ترقی کا واحد نشان، علامت اور ضمانت صرف قائد محمد نواز شریف ہیں، خطاب

اتوار 12 جولائی 2026 13:20

آزاد کشمیر ہو یا پاکستان، ترقی کی واحد علامت اور ضمانت صرف نواز شریف ..
میرپور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 جولائی2026ء) مسلم لیگ (ن)کے ڈسٹرکٹ کوآرڈینیٹر اور وزیر مملکت برائے خزانہ و ریلوے بلال اظہر کیانی نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر ہو یا پاکستان، ترقی کی واحد علامت اور ضمانت صرف نواز شریف ہیں۔ کارنر میٹنگ اور تنظیمی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ہو یا آزاد کشمیر، گزرے کل کی طرح آج بھی ترقی کا واحد نشان، علامت اور ضمانت صرف قائد محمد نواز شریف ہیں۔

انہوں نے نواز شریف کی ملکی خدمات کو زبردست خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ملک میں موٹر ویز اور بجلی گھر بنائے، روزگار کے مواقع پیدا کیے اور ملکی دفاع کو ناقابلِ تسخیر بنایا۔ بلال اظہر کیانی کا کہنا تھا کہ قائد نواز شریف، وزیراعظم شہباز شریف اور وزیراعلی مریم نواز کا آزاد کشمیر کے عوام سے خصوصی اور اٹوٹ رشتہ ہے، اور کشمیر کاز کے ساتھ ساتھ کشمیریوں کے حقوق کا تحفظ اور ان کی خوشحالی ہمیشہ مسلم لیگ (ن)کی اولین ترجیح رہی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے میر پور اور جہلم کے گہرے رشتے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ جہلم کی طرح میر پور بھی ان کا اپنا گھر ہے اور پاکستان و کشمیر کی ترقی ایک دوسرے سے جڑی ہوئی ہے۔وزیر مملکت نے خطے میں جاری اور مستقبل کے ترقیاتی منصوبوں پر روشنی ڈالتے ہوئے بتایا کہ لاہور سے سیالکوٹ تک موٹر وے مکمل ہونے کے بعد اب سیالکوٹ سے کھاریاں تک کام جاری ہے، جبکہ کھاریاں سے راولپنڈی موٹر وے سیکشن کا کنٹریکٹ بھی ہو چکا ہے، جس پر جلد کام شروع ہو کر وزیراعظم شہباز شریف کے موجودہ دور میں ہی مکمل ہو گا۔

اس موٹر وے سے میر پور اور آزاد کشمیر کے عوام کو سفری سہولیات کا بے پناہ فائدہ پہنچے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف آزاد کشمیر میں دانش اسکولوں اور یونیورسٹی کے قیام کا اعلان کر چکے ہیں جبکہ حال ہی میں خستہ حال دینہ منگلا روڈ کی تعمیر بھی کرائی گئی ہے۔ بلال اظہر کیانی نے یقین دلایا کہ منگلا سے میر پور آتے ہوئے عوام کو پل پر پیش آنے والی سفری مشکلات کو بھی فوری طور پر حل کیا جائے گا۔

کارنر میٹنگ سے قبل وزیر مملکت بلال اظہر کیانی کی صدارت میں چوہدری محمد سعید کی رہائش گاہ پر ضلع میر پور کے چاروں انتخابی حلقوں (ایل اے 1، ایل اے 2، ایل اے 3 اور ایل اے 4) کا ایک اہم مشاورتی اجلاس منعقد ہوا، جس میں مستقبل کی انتخابی حکمت عملی، اب تک کے انتظامات اور پولنگ ڈے کی ذمہ داریوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس اور کارنر میٹنگ میں حلقہ کوآرڈینیٹرز ذوالفقار بھنڈر، مدثر قیوم ناہرہ، علی گوہر خان بلوچ، عارف گل، اور امیدواران چوہدری محمد سعید (ایل اے 3)، عظیم بخش چوہدری (ایل اے 2) اور چوہدری رخسار احمد (ایل اے 4) سمیت دیگر پارٹی رہنماں نے بھی خطاب کیا۔

بلال اظہر کیانی نے پارٹی کارکنوں کے بے مثال جذبے کو سراہتے ہوئے عزم کا اظہار کیا کہ آنے والے انتخابات میں بھرپور محنت کر کے قائد نواز شریف اور مسلم لیگ (ن)کی جیت کو یقینی بنایا جائے گا۔ اس موقع پر موجود کارکنوں نے ’’نواز شریف زندہ باد‘‘اور ’’کشمیر بنے گا پاکستان‘‘کے فلک شگاف نعرے بھی لگائے۔