حریت کانفرنس آزا دکشمیر شاخ کا ولی محمد شاہ مرحوم کو خراج عقیدت

جمعرات 14 مئی 2026 22:32

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 مئی2026ء) کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموںوکشمیر شاخ نے تحریک حریت کے معروف رہنما ولی محمد شاہ کی وفات پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے غمزدہ خاندان کیساتھ اظہار تعزیت کیا ہے۔ولی محمد شاہ بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموںوکشمیر کے علاقے سوپور میں انتقال کرگئے ہیں۔کشمیر میڈیاسروس کے مطابق حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ نے کنوینر غلام محمد صفی کی صدارت میں ایک دعائیہ مجلس کا انعقاد کیا جس میں ولی محمد شاہ کی تحریک آزادی کشمیر اور دین کے حوالے سے مثالی خدمات پر انہیں شاندار خراج عقیدت پیش کیا گیا۔

غلام محمد صفی نے اس موقع پر کہا کہ مرحوم ایک انتہائی مخلص رہنما تھے جنہوں نے اپنی پوری زندگی تحریکِ حقِ خودارادیت کے لیے وقف کیے رکھی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ولی محمد شاہ مرحوم نہ صرف جماعتِ اسلامی مقبوضہ کشمیر کے ایک انتہائی مدبر اور فعال رہنما تھے بلکہ وہ تحریکِ حریت کے بانی چیئرمین اور تحریکِ آزادی کے عظیم قائد سید علی گیلانی مرحوم کے انتہائی قریبی ساتھی اور دستِ راست بھی تھے۔

مرحوم نے مشکل ترین حالات، بھارتی ریاستی جبر، قید و بند، سیاسی انتقام اور مسلسل دباؤ کے باوجود اپنے اصولی مؤقف سے کبھی پسپائی اختیار نہیں کی۔دعائیہ مجلس کے شرکاء نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ کشمیری عوام اپنے عظیم شہداء اور رہنماؤں کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کریں گے اور حقِ خودارادیت کے حصول تک اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔ مجلس کے اختتام پر مرحوم کے درجات کی بلندی ، غمزدہ لواحقین کے لیے صبر جمیل اور جموں وکشمیر کی بھارتی تسلط سے جلد آزادی کیلئے دعا کی گئی۔دعائیہ مجلس میں سینئر حریت رہنما محمد فاروق رحمانی ،محمود احمد ساغر ، شیخ محمد یعقوب زاہد صفی،سید گلشن,عبد المجید میر،ظہور احمد، مشتاق احمد بٹ سمیت دیگر لوگ شریک تھے۔