حصول ملازمت کیلئے پنجاب جاب سنٹر پر 17 لاکھ افراد بطور ملازمت کے متلاشی رجسٹریشن کرا چکے ہیں، فیصل یوسف

جمعرات 14 مئی 2026 19:50

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 مئی2026ء) حصول ملازمت کیلئے پنجاب جاب سنٹر پر 17لاکھ افراد بطور ملازمت کے متلاشی رجسٹریشن کرا چکے ہیں۔پاکستان میں پہلی بار ضلعی سطح پر ملازمت کی تلاش میں معاونت فراہم کرنے کیلئے لیبر اینڈ ہیومن ریسورس ڈیپارٹمنٹ کیلئے پی آئی ٹی بی کے وضع کردہ آن لائن پلیٹ فارم پنجاب جاب سنٹر پر اگست 2022 سے اب تک 17 لاکھ افراد بطور ملازمت کے متلاشی اپنی رجسٹریشن کروا چکے ہیں جبکہ 1 لاکھ 10 ہزار سے زائد افراد بطور آجر رجسٹرڈ ہیں۔

اس پورٹل کا بنیادی مقصد آجروں، پروموٹرز، ایمپلائمنٹ ایکسچینج ایجنسیوں، ورکرز اور ملازمت کے خواہشمند افراد کو ایک جامع پلیٹ فارم پر یکجا کرنا ہے تاکہ روزگار کے مواقع تک رسائی کو آسان، شفاف اور مثر بنایا جا سکے۔

(جاری ہے)

اس حوالے سے پی آئی ٹی بی چیئرمین فیصل یوسف نے کہاکہ پنجاب جاب سنٹر صوبے میں نہ صرف ملازمت کے متلاشی افراد کو بہتر مواقع فراہم کر رہا ہے بلکہ آجروں کو بھی ہنر مند اور قابلِ اعتماد افرادی قوت تک رسائی دے رہا ہے۔ مزید برآں نجی اور سرکاری شعبے سے تعلق رکھنے والے افراد اور کاروباری مالکان پورٹل کے ذریعے آن لائن رجسٹریشن کر سکتے ہیں، اس کے علاہ امیدوار موبائل فون سے 8900 پر اپنا قومی شناختی کارڈ نمبر بھیج کر رجسٹریشن لنک حاصل کر سکتے ہیں۔