190 ملین پاؤنڈ کیس، بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کے وکلاء کو دلائل کیلئے مہلت مل گئی

جمعہ 15 مئی 2026 12:42

190 ملین پاؤنڈ کیس، بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کے وکلاء کو دلائل ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 مئی2026ء) چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ سرفراز ڈوگر اور جسٹس محمد آصف نی190 ملین پاؤنڈ کیس کی اپیلوں پر تحریری حکم جاری کر دیا۔عدالت نے بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کے وکلاء کو 20 مئی کو دلائل کی حتمی مہلت دیتے ہوئے کہا ہے کہ امید ہے کہ فریقین جان بوجھ کر سماعت سے غیر حاضر نہیں ہوں گے،نہ غیر ضروری التواء مانگیں گے۔

(جاری ہے)

عدالتی حکم نامے کے مطابق سلمان صفدر نے بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی سے ہدایات لینے کیلئے التواء کی درخواست دی ، نیب نے سلمان صفدر کی التواء کی درخواست کی مخالفت کی۔عدالتی حکم نامے میں لکھا کہ گزشتہ سماعت پر فریقین کو حاضری یقینی بنانے اور اپیل پر دلائل کی ہداہت کی گئی تھی، سماعت میں دلائل کی بجائے سلمان صفدر نے کمزور وجوہات پر التواء کی درخواست دی۔عدالتی حکم نامے میں یہ بھی لکھا کہ چونکہ مرکزی اپیلیں سلمان صفدر کی جانب سے دائر کی گئی تھیں اور اس کیس کی حساسیت اور اہمیت بہت زیادہ ہے اس لیے آخری اور حتمی مہلت دی جا رہی ہے، سلمان صفدر تمام ضروری اقدامات کر لیں اور آئندہ سماعت پر 20 مئی کو اپیلوں پر دلائل دیں۔