Live Updates

آبنائے ہرمز کی محتاجی ختم، تیل کی ترسیل کیلئے امارات کا پائپ لائن منصوبہ تیز

یہ پائپ لائن براہِ راست عمان کی خلیج میں واقع فجیرہ بندرگاہ تک جائے گی، اس منصوبے کی تکمیل سے یو اے ای کے پاس آبنائے ہرمز کو چھوئے بغیر تیل برآمد کرنے کی گنجائش موجودہ سطح سے دوگنا ہو جائے گی

Sajid Ali ساجد علی جمعہ 15 مئی 2026 14:36

آبنائے ہرمز کی محتاجی ختم، تیل کی ترسیل کیلئے امارات کا پائپ لائن منصوبہ ..
ابوظہبی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 15 مئی2026ء) متحدہ عرب امارات نے عالمی توانائی کی منڈیوں میں اپنی پوزیشن مستحکم کرنے اور آبنائے ہرمز جیسے حساس بحری راستے پر انحصار کم کرنے کے لیے ایک بڑے منصوبے کا اعلان کیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق متحدہ عرب امارات نے اعلان کیا ہے کہ وہ اگلے سال تک آبنائے ہرمز کو بائی پاس کرتے ہوئے خام تیل برآمد کرنے کی اپنی صلاحیت کو دوگنا کر دے گا، اس منصوبے کا مقصد خطے میں جاری تنازعات اور سمندری راستوں میں پیدا ہونے والی ممکنہ رکاوٹوں سے اپنے تیل کی سپلائی کو محفوظ بنانا ہے۔

ابوظہبی کے میڈیا آفس کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ ابوظہبی نیشنل آئل کمپنی (ادنوک) ایک نئی پائپ لائن کی تعمیر کے کام کو تیز کر رہی ہے، یہ پائپ لائن براہِ راست عمان کی خلیج میں واقع فجیرہ بندرگاہ تک جائے گی، اس منصوبے کی تکمیل سے یو اے ای کے پاس آبنائے ہرمز کو چھوئے بغیر تیل برآمد کرنے کی گنجائش موجودہ سطح سے دوگنا ہو جائے گی، حکومت اس اہم لنک کو 2027ء تک مکمل طور پر فعال کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔

(جاری ہے)

بتایا گیا ہے کہ متحدہ عرب امارات پہلے ہی اپنی تیل کی فیلڈز سے مشرقی ساحل (فجیرہ) تک 1.5 ملین بیرل یومیہ صلاحیت کی ایک پائپ لائن چلا رہا ہے، حالیہ علاقائی تنازعات کے دوران یہ پائپ لائن ملک کے لیے ایک 'لائف لائن' ثابت ہوئی ہے، جس نے آبنائے ہرمز میں کشیدگی کے باوجود تیل کی عالمی ترسیل کو ممکن بنایا، نئے منصوبے کے بعد یو اے ای کسی بھی ہنگامی صورتحال میں عالمی منڈیوں کو تیل فراہم کرنے کے لیے کسی بیرونی بحری راستے کا محتاج نہیں رہے گا۔

خیال رہے کہ آبنائے ہرمز دنیا کا سب سے اہم بحری راستہ ہے جہاں سے عالمی تیل کی ترسیل کا بڑا حصہ گزرتا ہے، تاہم ایران کے ساتھ جاری حالیہ تنازعات اور جنگی صورتحال کے پیشِ نظر متحدہ عرب امارات کا یہ اقدام اسے معاشی طور پر محفوظ بنانے کے لیے ناگزیر قرار دیا جا رہا ہے۔
Live ایران امریکا کشیدگی سے متعلق تازہ ترین معلومات