وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان کی سیالکوٹ-کھاریاں-راولپنڈی موٹروے منصوبے پر کام تیز کرنے کی ہدایت

جمعہ 15 مئی 2026 13:14

وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان  کی  سیالکوٹ-کھاریاں-راولپنڈی موٹروے ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 مئی2026ء) وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے این ایچ اے منصوبوں سے متعلق اہم اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے سیالکوٹ-کھاریاں-راولپنڈی موٹروے منصوبے پر کام تیز کرنے کی ہدایت جاری کر دی۔ اجلاس میں سیکرٹری مواصلات، چیئرمین این ایچ اے اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی اور مختلف منصوبوں پر بریفنگ دی۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ لاہور-سیالکوٹ موٹروے کو 4 لین سے بڑھا کر 6 لین کیا جائے گا جبکہ سیالکوٹ-کھاریاں اور کھاریاں-راولپنڈی موٹروے بھی 6 لین پر مشتمل ہوں گی۔اجلاس میں عبدالعلیم خان نے این ایچ اے منصوبوں میں تاخیر اور سست رفتاری پر شدید ناراضگی کا اظہار کیا۔ انہوں نے خیبرپختونخوا اور پنجاب حکومت کی جانب سے ترقیاتی منصوبوں پر عملدرآمد میں تاخیر کا نوٹس لیتے ہوئے کہا کہ پشاور ناردرن بائی پاس کے لیے کے پی حکومت کا پانچ ماہ انتظار کیا گیا، تاہم اب مزید تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ اگر خیبرپختونخوا حکومت کی جانب سے فنڈز فراہم نہ کیے گئے تو وفاقی حکومت پشاور ناردرن بائی پاس کا منصوبہ خود مکمل کرے گی۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ حکومت پنجاب راولپنڈی-کہوٹہ منصوبے میں اپنے اعلان کردہ حصے پر کام شروع کرنے میں ناکام رہی ہے۔عبدالعلیم خان نے واضح کیا کہ صوبائی حکومتوں کی عدم دلچسپی کے باعث این ایچ اے اب ادھورے منصوبوں کی تکمیل خود کرے گی۔ انہوں نے ہدایت کی کہ مون سون شروع ہونے سے قبل فائنل فیز کے تمام منصوبے مکمل کیے جائیں اور این ایچ اے کے تمام منصوبوں کی فزیبلٹی 100 فیصد درست ہونی چاہیے۔وفاقی وزیر نے پشاور ناردرن بائی پاس کے پل جولائی سے قبل مکمل کرنے کی بھی ہدایت جاری کی۔