Live Updates

ٹرمپ کا دورہ چین مکمل، دوطرفہ تعلقات میں پیش رفت کا دعویٰ مگر اختلافات برقرار

DW ڈی ڈبلیو جمعہ 15 مئی 2026 13:40

ٹرمپ کا دورہ چین مکمل، دوطرفہ تعلقات میں پیش رفت کا دعویٰ مگر اختلافات ..
  • ٹرمپ کا دورہ چین مکمل، دوطرفہ تعلقات میں پیش رفت کا دعویٰ مگر اختلافات برقرار

امریکی چینی روابط میں پیش رفت کا دعویٰ، لیکن اختلافات برقرار

دونوں صدور ڈونلڈ ٹرمپ اور شی جن پنگ کے درمیان جمعے کو تقریباً تین گھنٹے تک اہم بات چیت ہوئی، جس کے بعد امریکی صدر چین کا اپنا دو روزہ دورہ مکمل کر کے واشنگٹن روانہ ہو گئے۔

دونوں رہنماؤں نے امریکی چینی تعلقات کو مستحکم کرنے میں اہم پیش رفت کا دعویٰ کیا، حالانکہ ایران، تائیوان اور دیگر معاملات پر دنیا کی ان دونوں بڑی طاقتوں کے درمیان گہرے اختلافات اب بھی موجود ہیں۔
صدر ٹرمپ نے ملاقات کے آغاز سے قبل شی کے ساتھ بیٹھے ہوئے صحافیوں سے کہا،’’یہ واقعی دو بہت شاندار دن رہے ہیں،‘‘ جبکہ صدر شی نے اس دورے کو ’’تاریخی سنگ میل‘‘ قرار دیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا، ’’ہم نے نئے دوطرفہ تعلقات، بلکہ تعمیری، اسٹریٹیجک اور مستحکم تعلقات کی بنیاد رکھی ہے۔‘‘

تاہم یہ امید افزا منظرنامہ دونوں سپر پاورز کے درمیان موجود پیچیدہ اور حساس مسائل کی حقیقت سے ٹکراتا ہے۔

اہم امور پر اختلافات برقرار

بیجنگ نے ایران کے تنازعے کے حل میں مزید کردار ادا کرنے کے امریکی مطالبات میں عوامی طور پر بہت کم دلچسپی دکھائی، حالانکہ صدر ٹرمپ نے فوکس نیوز کو دیے گئے ایک انٹرویو میں کہا تھا کہ صدر شی نے بات چیت کے دوران مدد کی پیشکش کی تھی۔

حالیہ ہفتوں میں امریکی محکمہ خارجہ نے چینی کمپنیوں پر الزام لگایا تھا کہ وہ ایرانی حکومت کو سیٹلائٹ تصاویر فراہم کر رہی ہیں، جبکہ امریکی محکمہ خزانہ نے ان چینی آئل ریفائنریوں اور تیل برداری کرنے والی کمپنیوں کے خلاف کارروائی کی ہے، جن پر تہران سے تیل خریدنے کا الزام ہے۔

واشنگٹن میں وائٹ ہاؤس کا یہ بھی ماننا ہے کہ چین اب بھی میکسیکو کو بھیجے جانے والے ان چینی ساختہ کیمیائی اجزاء کی ترسیل روکنے کے لیے مزید اقدامات کر سکتا ہے، جو غیر قانونی فینٹانل منشیات بنانے میں استعمال ہوتے ہیں اور جنہوں نے امریکہ کی کئی کمیونٹیز کو شدید متاثر کیا ہے۔

دوسری جانب چینی حکام کے مطابق صدر شی نے نجی مذاکرات میں ڈونلڈ ٹرمپ کو خبردار کیا کہ اگر خود مختار جزیرے تائیوان کے معاملے پر اختلافات کو درست طریقے سے نہ سنبھالا گیا تو یہ دنیا کی دو بڑی طاقتوں کو ’’ٹکراؤ بلکہ ممکنہ تنازعات‘‘ کی طرف دھکیل سکتے ہیں۔

ادارت: مقبول ملک

Live ایران امریکا کشیدگی سے متعلق تازہ ترین معلومات