مشعال حسین ملک کا نیٹ ورک فار ہیومن اینڈ سوشل ڈویلپمنٹ کے زیر اہتمام عالمی ثقافتی و دستکاری میلے کا افتتاح

جمعہ 15 مئی 2026 12:46

مشعال حسین ملک کا نیٹ ورک فار ہیومن اینڈ سوشل ڈویلپمنٹ کے زیر اہتمام ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 مئی2026ء) حریت رہنماء یاسین ملک کی اہلیہ،پیس اینڈ کلچر آرگنائزیشن کی چیئرپرسن اور انسانی حقوق و خواتین بااختیار سازی کی سابق معاون خصوصی برائے انسانی حقوق مشعال حسین ملک نے نیٹ ورک فار ہیومن اینڈ سوشل ڈویلپمنٹ (این ایچ ایس ڈی) کے زیر اہتمام عالمی ثقافتی و دستکاری میلے کا افتتاح کیا اور تنظیم کی خواتین بااختیار سازی، بچوں کی تعلیم، قدرتی آفت ریلیف مینجمنٹ، فنی و پیشہ ورانہ تربیت اور معاشی ترقی کے لیے کیے جانے والے کاوشوں کی تعریف کی۔

یہاں جاری بیان کے مطابق اس رنگارنگ میلے میں کشمیر، سندھ، بلوچستان، پنجاب اور خیبر پختونخوا کی نمائندگی کرنے والے متنوع ثقافتی اور فلاحی سٹالز لگائے گئے، جن میں کشمیری پیپر میچ آرٹ، ایمبرائیڈری والے ہاتھ کے بنے ہوئے دستکاری کے سامان، روایتی لباس، فوڈ سٹالز، خواتین کی قیادت میں چلنے والے سٹارٹ اپس اور پاکستان بھر کے ابھرتے ہوئے کاروباریوں کی تیار کردہ مصنوعات شامل تھیں۔

(جاری ہے)

اس موقع پر فری آئی کیمپ بھی لگایا گیا جس میں متعدد مشہور فلاحی تنظیموں نے شرکت کی۔ منتظمین نے بتایا کہ سٹالز کی آمدنی این ایچ ایس ڈی کے فلاحی اور انسانی ہمدردی کے منصوبوں میں خرچ کی جائے گی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مشعال حسین ملک نے این ایچ ایس ڈی کو مبارکباد دی کہ انہوں نے ایک ایسا پلیٹ فارم تخلیق کیا ہے جہاں ثقافت، ہمدردی اور سماجی فلاح و بہبود خوبصورت انداز میں ایک دوسرے سے جڑے ہوئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ تعلیم، پیشہ ورانہ مواقع اور معاشی آزادی کے ذریعے خواتین کو بااختیار بنانا پاکستان کے مستقبل کی ترقی اور استحکام کے لیے ناگزیر ہے۔مشعال حسین ملک کو خواتین بااختیار سازی، انسانی حقوق کی وکالت اور سماجی فلاح و بہبود میں ان کی خدمات کے اعتراف میں ایک ایوارڈ بھی پیش کیا گیا۔اپنے خطاب کے دوران انہوں نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو معرکہ حق کے دوران ان کی قیادت اور ویژن پر خراج تحسین پیش کیا اور پاکستان کے مستقبل کو مضبوط بنانے میں قومی یکجہتی اور انسانی اقدار کی اہمیت پر زور دیا۔

انہوں نے کشمیر میں جاری انسانی مصائب کا ذکر کیا اور عوامی رابطہ مہم کے ذریعے قید کشمیری رہنما محمد یاسین ملک اور دیگر سیاسی قیدیوں کی رہائی کے لیے اپیل دہرائی۔انہوں نے کہا کہ امن، انصاف، ثقافتی ہم آہنگی اور سماجی طور پراختیار سازی کو ساتھ ساتھ چلنا چاہیے تاکہ ایک مضبوط اور زیادہ ہمدرد پاکستان کی تعمیر کی جا سکے۔