بنوں تھانہ ڈومیل پولیس کی اہم کارروائی، دوہرے قتل میں ملوث ڈکیت گینگ کے دو ملزمان گرفتار، مالِ مسروقہ برآمد

جمعہ 15 مئی 2026 14:22

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 مئی2026ء) بنوں میں تھانہ ڈومیل پولیس نے جمعہ کو اہم کارروائی کرتے ہوئے دوہرے قتل میں ملوث بدنامِ زمانہ ڈکیت گینگ کے 2 ملزمان گرفتار کرکے مالِ مسروقہ برآمد کر لیا۔تر جمان بنوں پولیس کے مطابق مورخہ 3 مئی 2026 کو مدعی نور کلام ولد امیر قادر خان نے تھانہ ٹاؤن شپ میں رپورٹ درج کرائی کہ یونیورسٹی روڈ، نزد میڈیکل کالج دبک سید خیل، نامعلوم مسلح ملزمان نے اسلحہ کی نوک پر اُن سے موٹر سائیکل، 73 ہزار روپے نقدی اور ایک پستول چھین کر فرار ہو گئے۔

واقعہ کا فوری نوٹس لیتے ہوئے ڈی پی او بنوں یاسر آفریدی نے ڈی ایس پی صدر سرکل ارشد خان کی زیرِ نگرانی خصوصی ٹیم تشکیل دی۔ ٹاؤن شپ اور ڈومیل پولیس نے جدید ٹیکنیکل ذرائع اور مؤثر تفتیش کی مدد سے ملزمان کو ٹریس کر لیا، جنہیں دورانِ چھاپہ زنی ایس ایچ او تھانہ ڈومیل عصمت اللہ خان نے گرفتار کر لیا۔

(جاری ہے)

گرفتار ملزمان کی شناخت شادمان ولد میر جاولی خان سکنہ تاجی کلاہ حال ٹاؤن شپ، اور محمد زمان ولد ملک زمان سکنہ میر علی کے ناموں سے ہوئی ہے۔

ملزمان کے قبضے سے دورانِ ڈکیتی چھینا گیا مالِ مسروقہ، جس میں ایک موٹر سائیکل، 73 ہزار روپے نقدی، ایک موبائل فون اور ایک عدد پستول 30 بور شامل ہے برآمد کر لیا گیا۔دورانِ تفتیش مرکزی ملزم شادمان نے مزید اہم انکشافات کیے، جس کے نتیجے میں وہ مقدمہ نمبر 1085/2024 تھانہ ڈومیل میں درج دوہرے قتل کے مقدمے میں بھی ملوث پایا گیا۔ملزمان کے خلاف مزید تفتیش اور قانونی کارروائی جاری ہے۔بنوں پولیس جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہے تاکہ عوام کے جان و مال کا تحفظ ہر صورت یقینی بنایا جا سکے۔