سنگل کنٹری میڈ اِن پاکستان" نمائشوں کے انعقاد سے برآمدات میں اضافہ ممکن ہے، گورنرپنجاب سردار سلیم حیدر

جمعہ 15 مئی 2026 15:25

سنگل کنٹری میڈ اِن پاکستان" نمائشوں کے انعقاد سے برآمدات میں اضافہ ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 مئی2026ء) گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا ہے کہ دنیا کے مختلف خطوں میں سنگل کنٹری میڈ اِن پاکستان نمائشوں کے انعقاد سے پاکستانی مصنوعات کو عالمی منڈیوں میں متعارف کرانے اور برآمدات بڑھانے میں اہم کردار ادا کیا جا سکتا ہے۔انہوں نے یہ بات جمعہ کو یہاں پاکستان فرنیچر کونسل کے چیف ایگزیکٹو آفیسر میاں کاشف اشفاق (تمغہ امتیاز) کی قیادت میں فرنیچر سازوں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔

گورنر پنجاب نے کہا کہ پاکستان خصوصا فرنیچر کا شعبہ بے پناہ صنعتی اور تخلیقی صلاحیتوں کا حامل ہے،جو قیمتی زرمبادلہ کمانے کی بھرپور استعداد رکھتا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستانی فرنیچر اپنی معیاری کاریگری،خوبصورت ڈیزائنز اور پائیدار میٹریل کی وجہ سے عالمی سطح پر شناخت حاصل کر رہا ہے۔

(جاری ہے)

سردار سلیم حیدر خان نے کہا کہ اگر فرنیچر انڈسٹری کو جدید ٹیکنالوجی،موثر مارکیٹنگ اور حکومتی پالیسی سپورٹ فراہم کی جائے تو یہ عالمی منڈی میں کامیابی سے مقابلہ کر سکتی ہے۔

انہوں نے صنعتی ترقی اور برآمدات کے فروغ کیلئے پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ مختلف ممالک میں خصوصی میڈ اِن پاکستان نمائشیں منعقد کرنے سے غیر ملکی خریداروں اور سرمایہ کاروں کو پاکستانی فرنیچر،دستکاری اور ہوم ڈیکور مصنوعات سے روشناس کرایا جا سکے گا۔گورنر پنجاب نے پاکستان فرنیچر کونسل کی جانب سے نمائشوں،تربیتی پروگراموں اور آگاہی مہمات کے ذریعے صنعت کے فروغ کیلئے کی جانے والی کوششوں کو سراہتے ہوئے مقامی صنعتکاروں اور برآمد کنندگان کیلئے مکمل تعاون کی یقین دہانی بھی کرائی۔

اس موقع پر میاں کاشف اشفاق (تمغہ امتیاز) نے کہا کہ فرنیچر انڈسٹری قومی معیشت میں نمایاں کردار ادا کر رہی ہے اور ملک بھر میں ہزاروں ہنرمند کاریگروں کیلئے روزگار کے مواقع فراہم کر رہی ہے۔انہوں نے برآمدات بڑھانے اور عالمی سطح پر پاکستان کا مثبت تشخص اجاگر کرنے کیلئے حکومت کی مستقل سرپرستی کی ضرورت پر زور دیا۔