لاہور ہائیکورٹ کا ڈی پی او شیخوپورہ بلال ظفر شیخ کو شوکاز نوٹس جاری کرنے کا حکم

عدالتی حکم کے باوجود عدم پیشی کو سنگین حکم عدولی قرار، توہین عدالت کارروائی کے لیے وضاحت طلب

جمعہ 15 مئی 2026 14:35

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 مئی2026ء) لاہور ہائیکورٹ نے مبینہ غیر قانونی حراست کے کیس میں ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر شیخوپورہ بلال ظفر شیخ کی عدالتی حکم کے باوجود عدم پیشی کو سنگین حکم عدولی قرار دیتے ہوئے ان کے خلاف شوکاز نوٹس جاری کرنے کا حکم دے دیا ہے اور توہین عدالت کارروائی کے لیے وضاحت طلب کر لی ہے۔جسٹس شہرام سرور چوہدری نے سائلہ صبا صغیر کی درخواست پر تحریری حکم جاری کیا ۔

عدالت نے ریمارکس دیے کہ ڈی پی او شیخوپورہ کو گزشتہ سماعت پر مبینہ مغویہ کے ہمراہ عدالت میں پیش ہونے کی واضح ہدایت کی گئی تھی تاہم وہ عدالتی حکم کے باوجود پیش نہیں ہوئے اور نہ ہی ان کی عدم پیشی کی کوئی معقول وجہ بیان کی گئی۔عدالت نے اپنے حکم میں قرار دیا کہ ڈی پی او کا طرزِ عمل عدالتی احکامات کی کھلی خلاف ورزی کے زمرے میں آتا ہے لہٰذا انہیں شوکاز نوٹس جاری کیا جائے اور یہ وضاحت طلب کی جائے کہ ان کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی کیوں نہ کی جائے۔

(جاری ہے)

تحریری حکم کے مطابق عدالت نے مزید ہدایت کی ہے کہ آئندہ سماعت پر ڈی پی او شیخوپورہ بلال ظفر شیخ مبینہ مغویہ کے ہمراہ ذاتی طور پر عدالت میں پیش ہوں۔ عدالت نے پولیس افسر کے رویے پر سخت ناراضگی کا اظہار بھی کیا جبکہ کیس کی مزید سماعت 18مئی 2026ء تک ملتوی کر دی گئی ہے۔واضح رہے کہ یہ درخواست سائلہ صباء صغیر کی جانب سے دائر کی گئی تھی جس میں مبینہ مغویہ کی بازیابی کے لیے ہائیکورٹ سے رجوع کیا گیا ہے۔